• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان عوامی تحریک کا آج احتجاجی جلسہ، زرداری، عمران خطاب کریں گے

Imran Qadri And Zardars Protest Will Today

حکومت کی مخالفت میں عمران خان، طاہر القادری اور آصف زرداری کا لاہور کے  مال روڈ پر  آج احتجاجی جلسہ ہوگا، ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ آج دھرنے سے آصف زرداری اورعمران خان خطاب کریں گے،آئندہ کا لائحہ عمل آج طے کیا جائے گا، آصف زرداری کا کہنا ہے کہ دھرنے کا مقصد پنجاب حکومت کو ختم کرنا ہے، حکمرانوں کے جانے کا وقت آگیا ہے۔

لاہور میں ملاقات کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ طاہر القادری کا کہنا تھا کہ حالات کےمطابق طے کریں گے کہ احتجاج کتنے روز تک جاری رکھیں، ویسے بنیادی طور پر انہیں ایک دن کا احتجاج کرنا ہے۔

طاہرالقادری نے بتایا کہ ایک ہی اسٹیج ہوگا جہاں سے سب خطاب کریں گے، اس احتجاج میں سب برابر کے میزبان ہیں، حکومت کو اپوزیشن کا مشترکہ پیغام جا رہا ہے۔

مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سابق صدر آصف زرداری کا کہنا تھا کہ احتجاج کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے، احتجاج کا مقصد پنجاب حکومت سے جان چھڑانا ہے، شریف برادران چاہتے ہیں ان کا تخت بچ جائے، مگر ان حکمرانوں کے جانے کا وقت آگیا ہے۔

آصف زرداری نے مزید کہا کہ حکمرانوں کو اقتدار سے نکال دیں گے، اور اس بار آر او الیکشن نہیں چلے گا۔

علاوہ ازیں پاکستان عوامی تحریک کے احتجاج میں پیپلزپارٹی اورتحریک انصاف کےرہنماؤں کی تقاریر کس طرح کی جائیں گی، متوقع پروگرام سامنے آگیا ہے۔

ذرائع کے مطابق آصف علی زرداری پہلے سیشن اور عمران خان دوسرے سیشن میں خطاب کریں گے، آصف زرداری کا خطاب دوپہر میں جب کہ عمران خان کا خطاب مغرب کے قریب متوقع ہے۔

آصف زرداری کے سیشن میں تحریک انصاف کی درجہ دوم کی قیادت کےخطاب ہوں گے،عمران خان کے سیشن میں پیپلزپارٹی کی درجہ دوم کی قیادت کے خطاب ہوں گے۔

دوسری جانب ذرائع کے مطابق لاہورمیں متحدہ اپوزیشن کے احتجاج کے پیش نظر پنجاب حکومت نے دھرنے کے دوران رینجرز طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے، رینجرز کو پنجاب اسمبلی، گورنر ہاؤس اورحساس مقامات پر تعینات کیا جائے گا۔

لاہورمیں احتجاج اورجلسے کے پیش نظر پنجاب یونیورسٹی اولڈ کیمپس، جی سی یونیورسٹی اور چھ اسکول بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

 دوسری جانب چیئرنگ کراس پراسٹیج تیار، کنٹینر پہنچ گیا اور کر سیا ں لگ گئیں ۔ مال روڈ اور ملحقہ سڑکوں پر ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا، شاہراہ فاطمہ جناح ، کچہری روڈ، ہال روڈ، کوپر روڈ ، ایجرٹن روڈ، مزنگ روڈ اور ڈیوس روڈ سمیت دیگر سڑکوں پر ٹریفک شدید دباؤ ہے۔ جس سے شہری اور تاجر پریشان ہیں۔

تازہ ترین