• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جرمنی ، کرنسی ریزرو میں چینی یوآن کو شامل کرنے کا فیصلہ

Germany Decides To Add Chinese Yuan To Currency Reserve

جرمنی نے اپنے کرنسی ریزرو میں چینی یوآن کو شامل کرنے کا فیصلہ کر لیا۔منگل کو جرمنی کے سینٹرل بونڈس بینک نے اپنے اعلان میں کہا ہے کہ کرنسی کے ملکی ذخیرہ میں چین کی کرنسی یوآن (رینبی)کو اس کا بڑھتا ہوا استعمال دیکھتے ہوئے شامل کیا جا رہا ہے۔

بینک نے کہا کہ ان کے بورڈ نے گزشتہ سال جولائی میں رینبی پر سرمایہ کاری کا فیصلہ کیا تھا جس کی وجہ اس کی عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی اہمیت ہے۔ بینک نے یہ نہیں بتایا کہ وہ کب سے اور کتنی تعداد میں چینی کرنسی کو خریدے یا اپنے ذخائر میں شامل کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ رینبی کو اپنانے کا فیصلہ طویل المعیاد متنوع مالیاتی حکمت عملی کے تحت کیا گیا ہے جو دنیا کے مالیاتی نظام میں چین کی کرنسی کے بڑھتے ہوئے کردار کا عکاس ہے۔

بونڈس بینک کے بورڈ کے رکن جواکم ورملنگ نے کہا کہ ہم کرنسی ریزرو کے فائدوں اور نقصانات کو مدنظر رکھتے ہوئے اس کا جائزہ معمول پر لیتے رہتے ہیں اور بینک نے امریکی ڈالر اورجاپانی ین کے علاوہ آسٹریلین ڈالر پر بھی 2013 ء سے سرمایہ کاری شروع کر دی تھی۔

یورپین سینٹرل بینک نے گزشتہ سال جون میں 500 ملین یورو مالیت کے ڈالر ریزرو کو یوآن میں تبدیل کر دیا تھا۔ 2016 ء میں جرمنی چین کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار رہا ہے۔

جرمنی چین سے درآمدات کرنے والا یورپ کا نمبر ایک اور برآمدات میں چوتھے نمبر پر ہے۔جرمنی کے سینٹرل بینک کے ریزرو 170بلین یورو(210 بلین ڈالر) سے زائد ہیں۔

پیر کو چائنا فارن ایکسچینج ٹریڈ سسٹم چینی رینبی کی ڈالر میں شرح تبادلہ 6.4138 ریکارڈ کی گئی جو دسمبر2015 ء کے بعد چینی کرنسی کی بلند ترین شرح تبادلہ تھی۔

تازہ ترین