مسلم لیگ ن کے رہنما طلال چوہدری کہتے ہیں کہ ہم سے استعفے کا مطالبہ کرنے والا آج خود استعفیٰ دے گیا،نوازشریف بالکل ٹھیک جگہ کھڑے ہیں۔
لاہور میں پاکستان عوامی تحریک کے تحت ہونے والے متحدہ اپوزیشن کے جلسے پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے جیو نیوز کے پروگرام ’آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں انہوں نے مزید کہا کہ اسمبلیاں ٹوٹنے سے کسی کو کچھ نہیں ملے گا۔
طلال چوہدری نے مزید کہا کہ کوئی یہ سیاسی خودکشی نہیں کرے گا کہ اسمبلی توڑ دے، ہمیں گرانے والے خود گررہے ہیں۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ مینڈیٹ نوازشریف کو ملا تھا کہ وہ خود وزیراعظم ہوں یا ان کا وزیراعظم ہو،بروقت الیکشن ہی سسٹم کے استحکام کی علامت ہے۔
طلال چوہدری کا یہ بھی کہنا ہے کہ وہ مان رہے ہیں کہ ن لیگ کا مقابلہ الیکشن میں نہیں ہوسکتا،آج پاور فل شو کی کوشش کی گئی جو کہ پاور لیس شو تھا۔