مغربی کنارے کے شمال میں قائم جنین پناہ گزین کیمپ میں اسرائیلی فوج کے ساتھ جھڑپوں میں ایک فلسطینی نوجوان شہیدہوگیا۔اس طرح چوبیس گھنٹوں سے کم وقت میں دو فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔
عرب ٹی وی کے مطابق رات گئے اسرائیلی فوج نے بھاری نفری بکتربند اور بلڈوزروں کی مدد سے مغربی کنارے کے شمال میں جنین شہر کے پناہ گزین کیمپ پر دھاوا بول دیا ، فوج حماس کا مطلوب فدائی احمد جرار کی تلاش تھی۔
آپریشن کے دوران اسرائیلی فوج نے احمد جرار کو شہید اور اسکے دو ساتھیوں کو گرفتار کرلیا تھا۔تاہم اسرائیلی فوج نے جمعرات کی صبح بلڈوزروں کےذریعے کیمپ میں فلسطینیوں کے متعدد گھر مسمار کردئیے، اس دوران فلسطینیوں کی جانب سے شدید مزاحمت کی گئی اور اسرائیلی فوجیوں کے ساتھ جھڑپیں چھڑگئیں۔
تازہ صورتحال کے تحت اسرائیلی فائرنگ سے ایک فلسطینی شہید ہوگیا جو احمد جرار کا کزن بتایا جارہا ہے، جبکہ جھڑپوں میں دو اسرائیلی فوجی بھی زخمی ہوگئے۔حماس نے فدائی احمد جرار کی وابستگی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ مغربی کنارے میں موجود انکے مزاحمت کار مزید حملے کرینگے۔