• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت کا بین البراعظمی میزائل کے کامیاب تجربے کا دعویٰ

بھارت نے بین البراعظمی میزائل کے کامیاب تجربے کا دعویٰ کیا ہے ، بھارتی وزارت دفاع کے مطابق 5 ہزار کلومیٹر فاصلے تک مار کے حامل اس ’اگنی فائیو‘ بین البراعظمی میزائل کو خلیج بنگال میں بھارت کے مشرقی ساحل سے فضا میں چھوڑا گیا تھا۔

دوسری جانب بھارتی حکام کے مطابق نئی دہلی حکومت اسرائیل سے اینٹی ٹینک میزائل خریدنے کی منسوخ شدہ ڈیل پر دوبارہ مذاکرات کرے گی،نئی دہلی کے دورے پر موجود اسرائیلی وزیراعظم نےایک بیان میں کہا ہے کہ مذاکرات کے بعد بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے اتفاق کیا ہے کہ50کروڑ ڈالر کی اس ڈیل کو دوبارہ فعال بنایا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق بھارتی وزارت دفاع کے مطابق انڈیا نے آج جمعرات کے روز طویل رینج والے بین البر اعظمی میزائل کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔

بھارت کا یہ میزائل تجربہ پڑوسی ممالک پاکستان اور چین کے خلاف دفاعی صلاحیت بڑھانے کی کوششوں کا ایک حصہ ہے۔بھارت کی وزارت دفاع نے اپنے سرکاری ٹوئٹر اکاؤنٹ سے ایک پیغام جاری کرتے ہوئےکہا ہے کہ 5 ہزار کلومیٹر فاصلے تک مار کے حامل اس ’اگنی فائیو‘ بین البراعظمی میزائل کو خلیج بنگال میں بھارت کے مشرقی ساحل سے فضا میں چھوڑا گیا تھا۔

انڈیا کی وزارت دفاع کے بیان کے مطابق یہ میزائل بھارتی دفاعی صلاحیت میں قابل قدر اضافہ ہے۔’اگنی پانچ‘ بھارت میں اگنی میزائل سلسلے کا مقامی طور پر بنایا گیا جدید ترین ورژن ہے۔اگنی سلسلے کے دیگر میزائلوں میں بھارت کا اگنی ون سات سو کلومیٹر تک اپنے ہدف کو نشانہ بنا سکتا ہے۔ اگنی ٹو کی رینج دو ہزار کلومیٹر تک ہے۔ اگنی تھری اور اگنی فور کی رینج ڈھائی ہزار سے ساڑھے تین ہزار کلومیٹر تک ہے۔

دوسری جانب بھارتی حکام کے مطابق نئی دہلی حکومت اسرائیل سے اینٹی ٹینک میزائل خریدنے کی منسوخ شدہ ڈیل پر دوبارہ مذاکرات کرے گی۔ بھارت نے سن دو ہزار چودہ میں پانچ سو ملین ڈالر مالیت کی اس ڈیل کو مسترد کیا تھا۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے دفتر کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا ہے کہ اسرائیل سے اینٹی ٹینک میزائل خریدنے کی ڈیل پر دوبارہ مذاکرات کیے جائیں گے۔ اٹھارہ جنوری بروز جمعرات جاری ہونے والے اس بیان میں کہا گیا ہے کہ پانچ سو ملین ڈالر مالیت کی اس منسوخ شدہ ڈیل کو فعال بنایا جائے گا۔سن دو ہزار چودہ میں بھارت نے اس ڈیل کو منسوخ کرتے ہوئے کہا تھا کہ ممکنہ طور پر یہ عسکری سامان بھارت میں ہی بنایا جائے گا۔

پندرہ برس بعد بھارت کا دورہ کرنے والے پہلے اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو نے کہا ہے کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے اتفاق کیا ہے کہ اب اس ڈیل کو دوبارہ فعال بنایا جائے گا۔نیتن یاہو کی طرف سے جاری ہونے ایک بیان کے مطابق، ’’مذاکرات کے بعد میرے دوست وزیر اعظم نریندر مودی نے ہمیں بتایا ہے کہ ان کی حکومت اسپائیک (اینٹی ٹینک میزائل) ڈیل کو دوبارہ فعال بنائے گی، یہ بہت خوش آئند قدم ہے اور ایسے ہی متعدد مزید معاہدے بھی کیے جائیں گے۔‘

‘بھارتی فوج کے چیف بیپن راوات نے گزشتہ ہفتے کہا تھا کہ ڈیفنس رسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن کی طرف سے اس طرح کے میزائل خود تیار کرنے کے اعلان کے بعد اس ڈیل کو منسوخ کیا گیا تھا۔ یہ امر اہم ہے کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی ’میک ان انڈیا‘ نامی مہم کو شروع کرنے کے بعد اس ڈیل کو منسوخ کیا گیا تھا۔

ناقدین کے مطابق مودی کی کوشش ہے کہ وہ بھارت کا دنیا کے سب سے بڑے اسلحہ برآمد کرنے والے ملک کا امیج بدلا جائے اور غیر ملکی کمپنیوں کی حوصلہ افزائی کی جائے کہ وہ اپنی ٹکنالوجی بھارت میں لائیں تاکہ مقامی کمپنیاں یہ کام کریں اور لوگوں کو روزگار کے مواقع بھی میسر آ سکیں۔

 

تازہ ترین