• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نقیب اللہ قتل کیس ،گونج ایوانوں میں سنائی دینے لگی

Parliament Discusses Naqeebullah Murder Case

نقیب اللہ قتل کیس کی گونج ایوانوں میں سنائی دینے لگی ، رکن قومی اسمبلی جمال الدین نے راوانوار کو قاتل قرار دیدیا ، اسپیکرایاز صادق نے واقعے پر آئندہ ہفتے وزارت انسانی حقوق سے رپورٹ طلب کرلی ۔

قومی اسمبلی ، سندھ اور خیبر پختونخوا اسمبلی میں آج نقیب اللہ محسود کا قتل موضوع بنارہا ،رکن قومی اسمبلی نوید قمر نے اس موقع پر مشورہ دیا کہ تحقیقاتی کمیٹی کی رپورٹ کا انتظار کرلیا جائے۔

رکن قومی اسمبلی جمال الدین نے دوران اجلاس کہا کہ اگر کوئی مجرم ہے تو اسے عدالتوں میں پیش کیا جانا چاہیے، نقیب اللہ محسود کو راو انوار نے قتل کیا ۔

شاہ جی گل آفریدی نے مطالبہ کیا کہ کراچی میں قبائلیوں کے ساتھ ہونے والے واقعات کی تفصیلات دی جائیں۔

خواجہ سہیل منصور نے کراچی سے لاپتہ ہونے والے افراد کی تفصیلات سامنے لانے کا مطالبہ کیا ۔

اس موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی نےوزارت انسانی حقوق کو ہدایت کی اور کہا کہ نقیب اللہ کے قتل ، پولیس مقابلوں اور لاپتا افراد کی تفصیلی رپورٹس آئندہ ہفتے پیش کی جائیں ۔

سندھ اسمبلی اجلاس کے دوران مبینہ پولیس مقابلے میں مارے گئے نقیب اللہ محسود کا تذکرہ رہا ، ایم کیو ایم کے محفوظ یار خان ایڈوکیٹ نے کہا کہ پولیس مقابلوں کی عدالتی تحقیقات کرائی جائیں ۔

سندھ اسمبلی میں تحریک انصاف کے رکن اسمبلی خرم شیر زمان اور مسلم لیگ (ف) کی نصرت سحر عباسی نے وزیر داخلہ سندھ سے استفسار کیا کہ وہ بتائیں کہ پولیس کیا کررہی ہے؟

خیبر پختونخوا اسمبلی نے نقیب اللہ محسود کی مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاکت کے خلاف مذمتی قرارداد منظور کرلی ۔
 
پیپلز پارٹی کے رکن فخر اعظم نے قرارداد ایوان میں پیش کی ،جس میں مطالبہ کیا گیا کہ نقیب اللہ محسود کے قتل کی عدالتی تحقیقات کرائی جائے ۔

کے پی اسمبلی نے مردان اور نوشہرہ میں کمسن بچوں سےزیادتی کے واقعات کے خلاف بھی مذمتی قرارداد منظور کی ۔

تازہ ترین