صدر پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن سعید غنی نے کہا ہے کہ متحدہ نے اپنی سیٹ مضبوط کرنے کے لیے لوگوں کی زندگیوں سے کھیلا ، عدالت سے اپیل ہے گھر توڑنے سے پہلے نوٹ بنانے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے ۔
پیپلز پارٹی کے تحت کراچی کے علاقے محمود آباد میں ٹریٹمنٹ پلانٹ ٹو پر جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سعید غنی کا کہنا تھا کہ انتخاب آتے ہی متحدہ نے گٹروں میں بوریاں ڈالنا شروع کردیں ہیں اور متحدہ نے اپنی سیٹ کو مضبوط کرنے کے لیے لوگوں کی زندگیوں سے کھیلا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جہاں تک بس چلا ٹی پی ٹو کو بچاؤں گا اور کوشش ہوتی ہے کہ وہ ہی بات کروں جو پوری کرسکوں۔
پی پی رہنما کا کہنا تھا کہ جنہوں نے پیسے لے کر غیر قانونی پلاٹ دلائے انہیں سزا ملنی چاہیے اور عدالت سے اپیل ہے کہ گھرتوڑنے سے پہلے نوٹ بنانے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔
جلسے میں ایم کیو ایم کے کارکنان نے پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان بھی کیا۔