• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نقیب اللہ محسود کے والدین آج کراچی پہنچیں گے ، جرگہ ہوگا

Naqibullah Mehsuds Parents Will Reach Karachi Today

کراچی میں محسود برادری کے جرگہ میں سابق ایس ایس پی ملیر راؤ انوار احمد اور ان کی ٹیم کے خلاف نقیب اللہ محسود کے قتل کے مقدمہ میں انسداد دہشت گردی کی دفعات شامل کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہےجس کے لیے قانونی ماہرین اور وکلاء کی ٹیم تشکیل دی جا رہی ہے۔

نقیب محسود کے خاندان کی آج شام کراچی آمد پر پھر جرگہ ہوگا جس میں ملک بھر سے محسود اراکین اسمبلی، سینیٹرز اور دیگر رہنما شریک ہوں گے۔ محسود قبائل رہنما قیوم محسود نے جنگ کو بتایا کہ سہراب گوٹھ کے جرگہ ہاوس میں اتوار کی رات ہونے والے برادری کے جرگے میں بڑی تعداد میں عمائدین نے شرکت کی۔

Jirga_L2

تین گھنٹے تک جاری جرگے میں محسود عمائدین نے سابق ایس ایس پی راؤ انوار احمد کی ٹیم کے ہاتھوں برادری کے بے گناہ نوجوان نقیب محسود کے قتل کیس کا جائزہ لیا۔

قیوم محسود کے مطابق جرگے میں کراچی، پشاور، ڈیرہ اسماعیل خان، اسلام آباد اور کے پی کے سے محسود عمائدین شریک ہوئے۔ جرگے میں نقیب قتل کیس کے مقدمہ کے اندراج کیلئے وکلا کے پینل پر بھی بات چیت کی گئی۔

قیوم محسود کے مطابق سابق ایس ایس پی ملیر راؤ انوار احمد اور پولیس پارٹی کے خلاف نقیب قتل کیس کا مقدمہ معمولی نہیں ہوگا۔ قانونی ماہرین اور وکلاء کا پینل مکمل قانونی چھان بین کے بعد مقتول کے خونی رشتے دار کی مدعیت میں مقدمہ درج کرانے کی منظوری دے گا۔

Jirga_L1

ذرائع کے مطابق راؤ انوار اور پولیس ٹیم کے خلاف مقدمے میں انسداد دہشت گردی کی دفعات شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ جرگے نے نقیب محسود کے خاندان کی کراچی آمد اور ان کی سیکورٹی کیلئے انتظامات کا بھی جائزہ لیا۔

نقیب محسود کے اہلخانہ آج سہ پہر کراچی پہنچیں گے۔ ان کا سہراب گوٹھ کے جرگہ ہاؤس میں استقبال کیا جائے گا۔ ملک بھر سے محسود برادری کے ایم این اے، سینیٹرز اور دیگر رہنما بھی پیر کو جرگہ کیلئے کراچی پہنچ رہے ہیں۔

Jirga_L3

نقیب محسود کے اہلخانہ سے عمائدین پرصلاح مشورے کریں گے۔ ذرائع کے مطابق پولیس ٹیم کے خلاف مقدمہ کے اندراج کیلئے ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی کی سربراہی میں تحقیقاتی ٹیم کو جرگہ ہاؤس بلایا جائے گا یا اہلخانہ پولیس ٹیم کے پاس جاکر بیان ریکارڈ کرائیں گے یہ فیصلہ جرگہ کرے گا۔

محسود رہنماؤں کے مطابق نقیب محسود راؤ انوار احمد کا پہلا شکار نہیں اس سے قبل بھی بے گناہ محسود نوجوانوں کی بڑی تعداد راؤ انوار کے ہاتھوں بے گناہ قتل ہوچکی ہے۔

Jirga_L3_1

اب برادری اس سلسلے میں حتمی فیصلہ کر چکی ہے اور تمام قانونی پہلوؤں کا جائزہ لے کر عدالتی چارہ جوئی کرے گی اور بے گناہ لوگوں کا خون بہانے والوں کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔

تازہ ترین