• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

متنازع فلم پدماوت کا نیا ڈائیلاگ پرومو، ریلیز میں 2دن باقی

بالی ووڈ کی متنازع فلم پدماوت کا نیا ڈائیلاگ پرومو ریلیز کر دیا گیا، فلم کی ریلیز میں صرف 2دن باقی ہیں، بھارت بھرمیں پدماوت کے خلاف احتجاج بدستور جاری ہے۔

بالی ووڈ کی متنازع فلم پدماوت بلا آخر ریلیز کیلئے تیار ہوگئی ہے، دپیکا پڈوکون، رنویر سنگھ اور شاہد کپور کی تنازعات میں گھری فلم پدماوت کوبھارتی سپریم کورٹ کی جانب سے سینما گھروں میں نمائش کی اجازت ملنے کے باوجود تاحال مشکلات کا سامناکرنا پڑ رہا ہے اورفلم کے خلاف بھارت کی مختلف ریاستوں میں احتجاج بدستور جاری ہے۔

رپورٹ کے مطابق ہریانہ میں پدماوت کے خلاف مشتعل افراد نے شاپنگ مال میں توڑ پھوڑ کی، نئی دہلی میں بس کو آگ لگا دی جبکہ ممبئی میں مظاہرین نے سڑک بلاک کردی۔

دوسری جانب فلم کی ریلیز کے خلاف راجستھان میں خواتین نے خودکشی کی دھمکی اور نوجوان کی ٹاور پر چڑھ کر خودکشی جیسے واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔

راجپوت سینا نامی تنظیم کی قیات کی جانب سے فلم کے خلاف احتجاج جاری رکھنے کے اعلان کے ساتھ بہار میں فلم کی بکنگ کینسل کرنے کی دھمکی دی گئی ہے اور یہی نہیں خطرناک نتائج کا بھی کہا گیا ہے۔

ایک اور کرنی سینا کی درخواست پر سپریم کورٹ نے ایک بار پھر فلم پر پابندی مسترد کرتے ہوئے امن امان کی صورتحال کو یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی ہے۔

فلم پدماوت کے خلاف احتجاج اور مظاہروں سے ہٹ کر اگر بات کی جائے تو فلمی پنڈتوں کے مطابق یہ فلم بالی ووڈ باکس آفس کے تمام ریکارڈ توڑ سکتی ہے۔

واضح رہے کہ سنجے لیلا بھنسالی کی ہدایتکاری میں بننے والی فلم پدماوتی ابتداء سے ہی تنازعات کی زد میں رہی ہے جس کے بعد بھارت کے سینٹرل بورڈ آف فلم سرٹیفیکیشن کی جانب سے فلم کے کئی مناظر کاٹنے اور فلم کا نام تبدیل کرنے اور فلم کے گانے گھومر میں گرافکس کے ذریعے دپیکا کے کچھ مناظر کو تبدیل کرنے کے ساتھ ریلیز کی اجازت دی ہے۔

فلم پدماوتی کا نام تبدیل ہوکر پدماوت رکھا گیا اور اب بالی ووڈ کی نئی فلم پدماوت 25 جنوری کو بھارت سمیت دنیا بھر کے سینما گھروں میں نمائش کیلئے پیش کی جائے گی۔

تازہ ترین