• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حافظ آباد: ریڑھ کی ہڈی سے پانی نکالنے کا معمہ حل نہ ہوسکا

Hafizabad The Solution To Water Withdrawal From Spinal Cord Could Not Be Resolved

حافظ آباد میں ریڑھ کی ہڈی سے پانی نکالنے کا معمہ حل نہ ہوسکا ،مزید 16متاثرہ خواتین سامنے آگئیں، جنہیں میڈیکل ٹیسٹ کے لئے ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کردیا گیا ۔

ایم ایس اسپتال کے مطابق خواتین کی ریڑھ کی ہڈیوں کے قریب سرنج کے نشانات ہیں ،ڈی پی او نے معاملے کی تحقیقات کے لئے خصوصی کمیٹی بنادی ہے جو 3دن میں رپورٹ دے گی ۔

حافظ آباد میں ریڑھ کی ہڈی سے پانی نکالنے کامعمہ مزید الجھ گیا، کل تک ایک خاتون کی شکایت تھی آج 16متاثرہ خواتین سامنے آگئیں۔

وفاقی وزیر صحت سائرہ افضل تارڑ نے کہا ہے کہ بون میرو نکالنا اتنا آسان نہیں ،ابتدائی طور پر معاملہ سمجھ سے باہر ہے ،ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔

حافظ آباد میں لڑکیوں کے بون میرو نکالنے کا معاملہ کیا ہے؟ملزمان کے مقاصد کیا ہیں؟ اس کے پیچھے کون کون ملوث ہے ؟ پولیس ، ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت سر جوڑ کر بیٹھ گئے ۔

حافظ آباد کا محلہ بہاولپورہ کی ایک خاتون نے 3روز قبل چند ملزمان کی جانب سے ریڑھ کی ہڈی کا پانی نکالنے کی شکایت درج کراتی تھی تو پولیس چکراگئی ،ملزمان کو گرفتار کیا تو متاثرہ خاتون ایک نہیں کئی تھیں۔

تفتیش کا دائرہ بڑھایا گیا تو16متاثرہ خواتین سامنے آگئیں، ملزمان جہیز اور نقد رقم کا جھانسہ دیکر ریڑھ کی ہڈی سے پانی نکالتے اس عمل سے کئی خواتین کی توحالت بھی خراب ہوگئی۔

ایم ایس ڈی ایچ کیو ڈاکٹر ریحان اظہر نے میڈیا کو بتایا کہ16 متاثرہ خواتین کو اسپتال لایاگیا،جہاں ان کا طبی معائنہ کرایا گیا ہے، متاثرہ خواتین کی ریڑھ کی ہڈی پر سرنج کے نشانات پائے گئےہیں۔

ڈی پی او ڈاکٹر غیاث گل نےمیڈیا کو بتایا کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزمان ایک سے دوسی سی کامیٹریل ریڑھ کی ہڈی سے نکالتے تھے، معاملہ کی تحقیقات کے لئے ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی ہے، جوتین دن میں تحقیقات مکمل کرلےگی۔

تازہ ترین