• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی:سینئر صحافی محمد اسلام کی کتاب ’’مزاح صغیرہ و کبیرہ‘‘کی تقریب

آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کی پریس اینڈ پبلی کیشن کمیٹی کے زیر اہتمام سینئر صحافی، طنزو مزا ح نگار اور کالم نگار محمد اسلام کی کتاب ”مزاح صغیرہ و کبیرہ“کی تقریب رونمائی منعقد ہوئی۔

تقریب کی صدارت ڈاکٹر ایس ایم معین قریشی نے کی ،مہمان خصوصی ڈاکٹر پروفیسر صاحب زادہ فرید الدین قادری اور مہمان اعزازی جاوید رضا تھے۔

اظہار خیال کرنے والوں میںپریس اینڈ پبلی کیشن کمیٹی کے چیئرمین بشیرسدوزئی، انوارعلوی، زیب اذکار حسین، اخترسعیدی،عامر رضا نقوی اور نفیس احمد خان شامل تھے جبکہ نظامت کے فرائض عنبرین حسیب عنبر انجام دیئے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے تقریب کے صدر ڈاکٹر ایس ایم معین قریشی نے کہاکہ محمد اسلام نے طنزومزاح کو بہت خوبصورتی سے لکھا ہے، وہ بہت سادگی اور متانت سے اپنے موقف کا اظہار کرتے ہیں، سنجیدہ موضوعات کو بہت سادہ زبان میں بیان کرتے ہیں، طرزِ تحریر عام فہم اور رواں ہے کہ دورانِ مطالعہ کہیں بھی گرانی کا احساس نہیں ہوتا۔

پریس اینڈ پبلی کیشن کمیٹی کے چیئرمین بشیر سدوزئی نے کہاکہ گزشتہ سال آرٹس کونسل نے 150سے زائد کتابوں کی تقریبِ رونمائی کی اور ملک کی نامور ادبی شخصیات کے اعزاز میں پروگرام منعقد کئے جس سے یہ پتہ چلتا ہے کہ آرٹس کونسل کے صدر محمد احمد شاہ کتنے ادب نواز ہیں۔

آج کے دور میں مزاح لکھنا بہت مشکل ہے ہمیں مزاح لکھنے والوں کی انفرادی اور اجتماعی طور پر حوصلہ افزائی کرنی چاہئے۔ محمد اسلام 1985ءسے صحافت سے وابستہ ہیں انہوں نے ادب و صحافت کے گھاٹ گھاٹ کا پانی پیا ہوا ہے، طنزومزاح کے قبیلے کے ایک اہم فرد ہیں۔

انہوں نے معاشرے کو اپنی تحریروں سے آئینہ دکھانے کی کوشش کی ہے۔اختر سعیدی نے اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہاکہ محمد اسلام کو ادبی ذوق ورثہ میں ملا ہے ان کے دادا برصغیر کے نامور شاعر تھے۔ محمد اسلام کی یہ چوتھی کتاب ہے جوانہوں نے اپنی محنت سے معاشرے میں ایک جگہ بنائی ہے، محمد اسلام سوشل ورک بھی خوب کررہے ہیں۔

زیب اذکار نے کہاکہ موجودہ دور میں جس طرح کی تحریریں سامنے آرہی ہیں اس سے معاشرے کے لکھنے والوں کا پتہ چلتا ہے۔ ہمارا المیہ ہے کہ بڑے بڑے اساتذہ بھی انتہائی غیر معیاری تحریریں لکھ رہے ہیں، نئے لکھنے والوں کی تو بات ہی الگ ہے۔ محمد اسلام تنقیدی نظر سے معاشرے کو دیکھ رہے ہیں اور اپنے قلم کے ذریعے بیان کررہے ہیں۔

محمد اسلام نے اس موقع پر آرٹس کونسل کی انتظامیہ خصوصاً صدر احمد شاہ کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس تقریب میں تعاون کیا۔

تازہ ترین