• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
Multan Sultan Entry In Psl3

پاکستان کرکٹ کے شاندار ایونٹ پی ایس ایل کے تیسرے ایڈیشن سے اس کی ٹیموں میں بھی ایک نئی ٹیم کی اینٹری ہورہی ہے ۔ یہ ہے ’ملتان سلطان‘ ۔

اس ٹیم میں نوجوان ٹیلنٹ کے ساتھ تجربہ کار کھلاڑیوں کی شمولیت نے اسے ٹورنامنٹ کی دیگر ٹیموں کے ہم پلہ کردیاہے۔

ٹیم کی قیادت قومی ٹیم کے صف اول آل راؤنڈرشعیب ملک کر رہے ہیں جبکہ ٹیم کے باقی کھلاڑیوں میں سابق سری لنکن وکٹ کیپر کمارا سنگاکارا کے علاوہ ویسٹ انڈیز کے کیون پولارڈ، ڈیرن براوو، نکولس پورن، ساؤتھ افریقہ کے عمران طاہر، ہارڈس ولجیون اور انگلینڈ کے روس وٹلی شامل ہیں۔

ٹیم میں قومی کرکٹرز سہیل تنویر، جنید خان، محمد عرفان ، احمد شہزاد، کاشف بھٹی، عرفان خان، صہیب مقصود، محمد عباس، عمر گل، عمر صدیق، عبداللہ شفیق اور سیف بدر کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے عالمی شہرت یافتہ کرکٹر و کوچ ٹام موڈی’ ملتان سلطان‘ کی کوچنگ کریں گے جبکہ سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم ٹیم کے مینٹور ہیں۔

ٹورنامنٹ میں ملتان سلطان کے ہونے والے معرکوں کا شیڈول
ملتان اس ایونٹ کے افتتاحی میچ میں ہی ایکشن میں نظر آئے گی جہاں اس کا مقابلہ ڈیرن سیمی کی دفاعی چیمپئن ٹیم پشاور زلمی سے 22 فروری کو دبئی میں ہوگا۔

اگلے ہی روز 23 فروری کو دبئی کے ہی میدان میں پرجوش کپتان شعیب ملک اپنے سلطانوں کے ہمراہ ڈے نائٹ میچ میں لاہور قلندرز کے سامنے ہوں گے ۔

ایک دن آرام کے بعد25 فروری کو نئے جوش اور نئی منصوبہ بندی کے ساتھ شعیب ملک اعصاب شکن مقابلے کے لیے ٹھنڈے دماغ کے حامل تجربہ کار کپتان مصباح الحق کی اسلام آباد یونائیٹڈ سے آمنا سامنا کریں گے۔

چار دن کے آرام اور نئے پلان کے ساتھ ملتان سلطان 2 مارچ کو اپنے کپتان کی سابقہ ٹیم کراچی کنگز کے خلاف ایکشن میں نظر آئے گی۔ اس میچ میں شعیب ملک کے تجربہ کے علاوہ وہ باتیں بھی اہمیت رکھتی ہیں جو ملک نے گزشتہ سیزن میں کراچی کنگز کے ڈریسنگ روم میں بیٹھ کر مشاہدہ کی تھیں۔

تین مارچ کو ملتان سلطان اپنے سلامی بلے باز احمد شہزاد کی سابقہ ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے مقابلہ کرے گی۔میچ میں حریف کپتان سرفراز کے لیے شہزاد کے بلے سے ابلتے رنز کو روکنا کسی چیلنج سے کم نہیں ہوگا۔

ملتان 6 مارچ کو زلمی سے مقابلہ کرے گی ، یہ ایونٹ میں دونوں ٹیمز کا دوسرا ٹکراؤ ہوگا۔

تین مارچ کے میچ کا جو بھی نتیجہ نکلے اس سےقطع نظر ہوکر پلٹ کے جھپٹنے کے لیے دونوں ٹیمیں محض 3 دن بعد ایک مرتبہ پھر سے 7 مارچ کو مدمقابل ہوں گی۔

نو مارچ کو ملتان سلطان برینڈن میکولم ، فخر زمان کی جارح مزاج اوپنگ جوڑی ٹیم لاہور قلندر سے مقابلہ کرے گی۔ میچ میں سلطانز کے عمر گل اور محمد عرفان کی تجربہ کار بولنگ کا کڑا امتحان ہوگا۔

ایونٹ میں ملتان سلطان اپنا نواں میچ 10 مارچ کو کراچی کے کنگز سے کھیلے گی۔ ٹورنامنٹ میں دونوں ٹیمیں دوسری مرتبہ مدمقابل ہوں گی۔

اس کے بعد ملتان 13 مارچ کو اپنا آخری راؤنڈ میچ پہلے سیزن کی فاتح ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ سے کھیلے گی جس کے بعد 18 مارچ سے پلے آف مرحلے کا آغاز ہوجائے گا۔

ٹورنامنٹ کا فائنل کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں 25 مارچ کو کھیلا جائے گا۔

تازہ ترین