• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

منشیات کی ڈیلیوری کیلئے آن لائن ٹیکسی سروس کے استعمال کا انکشاف

کراچی کے علاقے ڈیفنس میں منشیات کی ہوم ڈیلیوری کے دوران پکڑے جانے کے خوف سے ملزمان آن لائن ٹیکسی سروس استعمال کرتے تھ، ملزمان نے پکڑی گئی کار بھی ایک ٹیکسی سروس کے ساتھ رجسٹرڈ کر رکھی تھی۔

پولیس ذرائع کے مطابق ملزمان ڈیلیوری کو محفوظ بنانے کیلئے ایک گاڑی استعمال نہیں کرتے تھے بلکہ آن لائن ٹیکسی سروسز استعمال کرتے تھے۔

پولیس تفتیش کے مطابق ملزم عثمان شکیل نے اپنی کار نمبر اے ایل اے 951 آن لائن ٹیکسی سروس پر رجسٹرڈ کرا رکھی تھی، جس کا مقصد چیکنگ کے دوران گروہ کے پکڑے جانے کی صورت میں خود کو بچانا تھا۔

ذرائع کے مطابق ملزمہ ایک ڈیلیوری کے دوران رائیڈ مہوش آگسٹن عرف سونیا کے نام پر بک ہوتی تھی تو تھوڑی دیر بعد وہی گاڑی اس کے دوسرے ساتھی کے نام بک ہوجاتی تھی۔

ذرائع کے مطابق اس تیکنیک کا مقصد ملزم عثمان کے منشیات کے دھندے کے ساتھ ساتھ ٹیکسی سروس سے بھی زیادہ سے زیادہ کمائی کرنا تھا کیونکہ سپلائی کے دوران رائیڈز زیادہ سے زیادہ بک کرنے سے آن لائن ٹیکسی سروس کا ٹارگٹ بھی پورا ہوتا تھا۔

آن لائن ٹیکسی بک ہونے کی وجہ سے چیکنگ کے دوران پکڑے جانے کا خوف کم تھا، ملزمان کا کہنا ہے کہ چیکنگ کے دوران پولیس آن لائن ٹیکسی سروس کی تلاشی کم لیتی ہے۔

پولیس کے مطابق عدالتی حکم پر ملزمان کو ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا ہے جس کی وجہ سے ان سے تفتیش مکمل نہیں کی جاسکی ہے۔

ملزمان سے کی گئی ابتدائی تفتیش کی روشنی میں اور ملزمان کی نشاندہی پر ساؤتھ پولیس کی بھاری نفری نے ڈرگ روڈ میں منشیات کی سپلائی کے بڑے اڈے پر چھاپہ مارا تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آسکی۔

تازہ ترین