• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عاصمہ جہانگیر کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے اوسلو لائبریری میں اجلاس

Meeting In Oslo Library To Tribute Asma Jahangir

عاصمہ جہانگیر کی جدو جہد کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے آج اوسلو لائبریری میں پاکستانیوں کی مختلف تنظیموں کے تحت اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس سے وژن فورم کے صدر ارشد بٹ، الما فاؤنڈیشن کی ٹینا شگفتہ، پاکستان فیملی نیٹ ورک کے صدر نثار بھگت، حلقہ ارباب ذوق کے صدر آفتاب وڑائچ، کاروان کے ایڈیٹر مجاہد علی، عطا انصاری، ڈاکٹر ندیم، چوہدری پرویز اقبال کے علاوہ متعد شرکا نے اظہار خیال کیا۔

مقررین کا کہنا تھا کہ عاصمہ جہانگیر کی انسانی حقوق کے لئے مثالی جدو جہد سے اوورسیز پاکستانی اپنے سر فخر سے بلند کر سکتے ہیں۔

مقررین نے کہا کہ عاصمہ جہانگیر کی معاشرے کے کچلے ہوئے طبقوں کے حقوق کے لئے قانونی اور سیاسی جدو جہد بھی اپنی مثال آپ ہے، انہوں نے خواتین کو معاشرے میں مساوی قانونی اور آئینی حقوق دلانے کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہ کیا، انہیں بنیادی انسانی حقوق کے جدو جہد کی پاداش میں قیدوبند کی صعوبتیں بھی برداشت کرنا پڑیں۔

ارشد بٹ نے کہا کہ ہمیں عاصمہ جہانگیر کے انسانی برابری کے مشن کو ہر گز نہیں بھلانا چاہے، ٹینا شگفتہ نے کہا کہ عاصمہ کا نام خواتین کے لئے جرات اور حوصلے کی علامت بن چکا ہے، مقررین کا کہنا تھا کہ پاکستان مظلوموں، دبے کچلے طبقوں کی سب سے مضبوط آواز سے محروم ہو گیا ہے۔

اجلاس میں ایک قرار داد کے ذریعے عاصمہ جہانگیر کی لازوال جدو جہد کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کے پیغام کو عوام تک پہنچانے کا مشن جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

تازہ ترین