• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ریپ قوانین کے غلط استعمال پر فلم بنانے کا فیصلہ

Akshaye Khanna And Richa Chadha Team Up For Film On Rape Laws Section 375

اس وقت جہاں امریکی اور بھارتی فلم اندسٹری میں اداکاراؤں کو جنسی ہراساں کیے جانے سے متعلق آوازیں اٹھائی جانے لگی ہیں، وہیں اب دنیا بھر میں عام خواتین بھی اپنے ساتھ ہونے والی نا انصافیوں پر بولتی نظر آتی ہیںتاہم یہ بھی سچ ہے کہ دنیا بھر میں ’ریپ‘ قوانین کا غلط استعمال بھی ہوتا ہے اوراب اسی معاملے پر فلم بھی بنائی جائے گی۔

اکشے کھنہ اور ریچا چڈا کی آنے والی فلم ’سیکشن 375‘ بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے۔فلم پروڈیوسر ابھیشک پھاٹک نے ’سیکشن 375‘ کے حوالے سے ٹوئیٹ کی کہ ان کی آنے والی فلم میں اکشے کھنہ اور ریچا چڈا ایکشن میں نظر آئیں گے۔

اکشے کھنہ اور ریچا چڈا کی فلم ’سیکشن 375‘ کی ہدایات منیش گپتا دیں گے جبکہ اسے پینوراما اسٹوڈیوز کے بینر تلے ریلیز کیا جائے گا۔کمار مانگٹ پھاٹک اور ابھیشک پھاٹک کی اس فلم کی کہانی اگرچہ فکشن پر مبنی ہوگی، تاہم اسے متعدد حقیقی واقعات کو مدنظر رکھ کر بنایا جا رہا ہے۔

فلم میں اکشے کمار ڈفینس وکیل جب کہ ریچا چڈا پبلک پراسیکیوٹر کے روپ میں ’ریپ‘ قوانین پر عدالتوں میں بحث کرتے نظر آئیں گے۔

اطلاعات ہیں کہ فلم کو شاندار بنانے کے لیے ہدایت کار منیش گپتا نے بھارت کی مختلف عدالتوں میں چلنے والے ’ریپ‘ کیسز کی سماعتوں میں شرکت کی تاکہ وہ عدالتی کارروائی، وکلاء کے دلائل، متاثرہ افراد سمیت ملزم کے دلائل اور تاثرات کو سمجھ سکیں۔

ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ ’سیکشن 375‘ کو کب تک ریلیز کیا جائے گا، تاہم امکان ہے کہ فلم کو رواں برس کے آخر تک ریلیز کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ انڈین پینل کوڈ (آئی پی سی) کا ’سیکشن 375‘ مرد و خواتین کی جانب سے ’زنا‘ بالرضا اور باالجبر سے متعلق ہے، اس میں خواتین کو ’ریپ‘ کا نشانہ بنانے اور انہیں جنسی تعلقات کے لیے ہراساں یا بلیک میل کرنے سے متعلق بھی بتایا گیا ہے۔

 

تازہ ترین