• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کرکٹرحسن علی کوپی ایس ایل کے کم میچز کھیلنے کا مشورہ

Cricketer Hasan Ali Advised To Play Less Matches In Psl

قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولرحسن علی کوپاکستان سپر لیگ کے کم میچز کھیلنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے حسن علی کو یہ مشورہ نیشنل کرکٹ اکیڈمی حکام نے دیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ دبئی روانگی سے پہلے حسن علی نے ایک ہفتہ نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں گزارا، جہاں ان کا ری حیب کے عمل کے ساتھ فٹنس کا مکمل جائزہ لیا گیا۔

ذرائع کے مطابق ڈاکٹر ، فزیو اور کوچز سب اس بات پر متفق ہیں حسن علی کی جسمانی ساخت ایسی ہے کہ انہیں اکثر انجریز کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے ، اس لیے کیریئر کو طویل کرنے کےلیے انہیں خصوصی توجہ کی ضرورت ہے ، انہیں گروپ ٹریننگ کے بجائے مخصوص ٹریننگ پر زیادہ توجہ دینی چاہیے۔

یہی وجہ ہے کہ این سی اے حکام نے یہ مشورہ دیا ہے کہ حسن علی کو ابھی آرام کرنا چاہیے، اگر ضرورت ہو تب ہی وہ پی ایس ایل کے میچز میں شرکت کریں۔

ذرائع کے مطابق حسن علی کوپہلے ہی پی ایس ایل کےابتدائی میچز سے باہر رکھا گیا ہے، ان کا مسئلہ صرف ٹخنے کا نہیں مزید مسائل سے بھی دوچار ہیں۔

واضح رہے کہ حسن علی دورہ نیوزی لینڈ کے دوران آخری ٹی ٹوئنٹی سے قبل زخمی ہوگئے تھے اور اب تک مکمل فٹ نہیں ہوسکے ہیں جس کی وجہ سے وہ پاکستان سپر لیگ کے تین سے چار میچ نہیں کھیل پائیں گے۔

پشاور زلمی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ حسن علی یقینی طور پر پہلے میچ میں حصہ نہیں لیں گے۔ حسن علی ٹیم کے ساتھ دبئی جارہے ہیں جہاں ان کی فٹنس کو مانیٹر کیا جائے گا۔

تازہ ترین