• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فخر زمان اور محمد عامر گزشتہ سال کے بہترین کرکٹر قرار

Muhammad Aamir And Fakhar Zaman Got Best Player Of Award

پاکستان کے جارح مزاج اوپنر فخر زمان اور فاسٹ بولر محمد عامر کو سال 2017 کے بہترین ون ڈے بیٹسمین اور بولر کا ایوارڈ دے دیا گیا۔

فخر زمان کو یہ ایوارڈ چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں بھارت کے خلاف شاندار سنچری اسکور کرنے پر دیا گیا جبکہ محمد عامر کو اسی میچ میں روہت شرما، ویرات کوہلی اور شیکھر دھون کی وکٹیں محض 16 رنز کے عوض حاصل کرنے پر دیا گیا۔ یہ ایوارڈ کرکٹ کی معروف ویب سائٹ کی جانب سے دیے گئے۔


اس کے علاوہ ٹیسٹ کرکٹ کی بہترین اننگز کا ایوارڈ آسٹریلوی کپتان اسٹیو اسمتھ کے نام رہا۔ انہوں نے بھارت کے خلاف پونے میں 109 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو غیر متوقع جیت سے ہمکنار کروایا تھا۔


ٹیسٹ کی بہترین بولنگ کا ایوارڈ نیتھن لائن نے جیتا، جنہوں نے بنگلور ٹیسٹ میں 50 رنز دیکر آٹھ وکٹیں گرائی تھیں۔


سال 2017 کے بہترین کپتان کا ایوارڈ نہ کوہلی کو ملا، نہ اسمتھ کو اور نہ ہی سرفراز احمد کو بلکہ یہ اعزاز پایا انگلینڈ کی ویمن ٹیم کی کپتان ہیتھر نائٹ نے۔


ٹی ٹوئنٹی میں بہترین اننگز کا ایوارڈ ایوان لیوئس اور بولنگ پرفارمنس یزویندرا چاہل کے نام رہا۔

افغانستان کے لیگ اسپنر راشد خان کو ایسوسی ایٹ ٹیموں کے بہترین بولنگ پرفارمنس کے ایوارڈ سے نوازا گیا جبکہ بھارت کے کلدیپ یادیو بہترین ڈیبیو قرار پائے۔

تازہ ترین