کنٹرول لائن پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ پر دفترخارجہ نے احتجاج کیا اوربھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کو دفترخارجہ طلب کر لیا۔
ڈی جی ساؤتھ ایشیا ڈاکٹر فیصل نے احتجاجی مراسلہ بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کے حوالے کیا جس میں کہا گیا ہے کہ بھارت سیز فائر کی مسلسل خلاف ورزی کرررہا ہے، رواں برس کے صرف ڈیڑھ ماہ میں ہی 335 مرتبہ سیز فائر کی خلاف ورزیاں کی جا چکی ہیں جس میں 15 بے گناہ شہری شہید اور 65 افراد زخمی ہوئے۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ 15فروری کو بھی بھارتی فورسز نے بچوں کی اسکول وین کو نشانہ بنایا تھا جس میں گاڑی کا ڈرائیور شہید ہوا، معصوم شہریوں بالخصوص بچوں کو نشانہ بنانا عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے۔
ترجمان دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ بھارتی فوج کی فائرنگ سے 8 سال کا ایان زاہد شہید ہوا،بھارتی فوج کا رہائشی علاقوں کو نشانہ بنانا قابل مذمت ہے۔بھارت کنٹرول لائن پر سیز فائر معاہدے کی پابندی کرے۔