• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
Local Body Election In Kp

خیبرپختونخواکے اضلاع سوات، لوئر دیر، بنوں اور لکی مروت میں بلدیاتی ضمنی انتخابات ہوئے، کہیں سیاسی پارٹیوں نے میدان مارا تو کہیں آزاد امیدوار بازی لے گئے۔

لوئر دیر میں ثمرباغ کی یونین کونسل میں امیدواروں کے بائیکاٹ کے باوجود انہیں ووٹ ڈالے گئے،جہاں بائیکاٹ کا فائدہ اٹھاتے ہوئےپولیس اہلکارپولنگ اسٹیشن میں کرکٹ کھیلتے رہے۔

خیبر پختونخوا کے 4 اضلاع کی مختلف یونین کونسلوں میں بلدیاتی ضمنی انتخابات کے لیے پولنگ صبح8 بجے شروع ہوئی جو بغیر کسی وقفے کے شام5 بجے تک جاری رہی۔

بنوں کی 2 جنرل کونسلر اورایک کسان کونسلر کی نشست پر انتخاب ہوا، جس میں غیر حتمی اور غیر سرکای نتائج کے مطابق ولیج کونسل مندیو پر آزاد امیدوار فداءاللہ 463 ووٹ لے کر اورولیج کونسل ہوید پر آزاد امیدوار راحت اللہ 321ووٹ لےکر کامیاب ہوئے جبکہ ولیج کونسل اسپرکہ وزیر ان پر بھی آزاد امیدوارگوہر وزیر 286 ووٹ لے کر کسان کو نسلر منتخب ہوگئے۔

لکی مروت میں دیہی کونسل بخمل احمد زئی کی خاتون کونسلر نشست پر آزاد امیدوارقسم جانہ 421 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئیںجبکہ رحیمہ بی بی کو 408 ووٹ ملے جبکہ تیسری آزاد امیدوار شاہینہ بی بی کے حق میں کوئی ووٹ نہیں ڈالا گیا۔

ادھر سوات کی یونین کونسل گلکدہ میں جنرل کونسلر کی 2 نشستوں پر ضمنی انتخاب ہوئے، جس میں قومی وطن پارٹی کے لیاقت علی 336 اور تحریک انصاف کے مومن خان 309 ووٹ لیکرجنرل کونسلر منتخب ہوگئے۔

یونین کونسل شوخدڑہ میں جنرل کونسلر کی نشست اے این پی کے امیدوار عمر خطاب 201 ووٹ لے اڑے جبکہ یونین کونسل کانجو کی یوتھ کونسلر کی نشست پر تحریک انصاف کے امیدواررحمت شاہ 341 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے۔

دوسری جانب لوئردیر میں یونین کونسل شاہی خیل کی جنرل کونسلر نشست پر پیپلزپارٹی کے منظور احمد نے1442 ووٹوں سے کامیاب قرار پائے۔

ثمرباغ کے یونین کونسل میں جماعت اسلامی، تحریک انصاف اور عوامی نیشنل پارٹی کے امیدواروں نے ضمنی انتخاب کا بائیکاٹ کیا اور اس کا فائدہ اٹھاتے ہوئےپولیس اہلکارپولنگ اسٹیشن میں کرکٹ کھیلتے رہے۔

امیدوار وں نے تو ضمنی انتخاب کی تاریخ آگے نہ بڑھائے جانے پر بائیکاٹ کیا تھا لیکن اس کے باوجود انہیں ووٹ ڈالے گئےاور جماعت اسلامی کے اخونزادہ عزیز الرحمن نے737 ووٹ لیکر کامیابی حاصل کرلی۔

 

تازہ ترین