• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سینیٹرز کے نواز شریف کی پارٹی صدارت سے نااہلی پرتحفظات

Senators Reservation On Nawazs Disqualification As Party Head

سینیٹرز نے نواز شریف کو پارٹی صدارت سے ہٹانے سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹر فرحت اللہ بابر نے کہا پارلیمنٹ کی بالادستی اور ملک کے سیاسی ڈھانچے کو خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔ چیئرمین سینیٹ رضا ربانی نے کہا محاز آرئی کہیں نہیں لے کر جائے گی ، درجہ حرارت کم کرنے کے لیے بین الادارتی مذاکرات کی ضرورت ہے۔

سینٹر فرحت اللہ بابر نے سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلے پرسینیٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ نواز شریف کو پارٹی صدارت سے ہٹانے سے متعلق سپریم کورٹ کا فیصلہ نامکمل ہے، فیصلہ تشویش ناک ہے، سیاسی بے یقینی بڑھے گی۔

انہوں نے کہا کہ فیصلے سے سے62 ، 63 کا دائرہ کار مزید بڑھ گیا، یہ پارلیمنٹ کی بالادستی کا سوال ہے ، ملک کے سیاسی ڈھانچے کو خطرہ ہے، پارلیمان کا بنایا ہوا قانون ہماری اپنی وجہ سے کالعدم قرار دے دیا گیا ۔

فرحت اللہ بابر نے مزید کہا کہ خدشات تھے لمبی نگراں حکومت کی آڑ میں ٹیکنوکریٹ حکومت کو لایا جائے گا۔اب اگر سینیٹ انتخابات ملتوی ہوئے تو سوالات اٹھ جائیں گے۔

چیئرمین سینیٹ رضا ربانی نے کہا کہ اگر کچھ ہوا تو ہم سب اکھٹے ہو کر اس کا سامنا کریں گے، پارلیمنٹ وفاق کو بچائے گی اور جمہوریت کو لے کر آگے چلے گی۔

بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا کہ چیف جسٹس پاکستان کا اسلام آباد ہائی کورٹ بار سے خطاب ایسا تھا جیسے افتخار چوہدری بول رہے ہیں، ایسا لگ رہا تھا وہ کہہ رہے ہیں کہ محاز آرائی ہو تو وکلاء عدلیہ کے ساتھ کھڑے ہو ں، اب وقت آگیا ہے آئینی عدالتوں کے حوالے سے آئینی ترمیم کریں، ایک سیاسی جماعت کو سیاسی عمل سے نہ نکالا جائے۔

سینیٹر عثمان خان کاکڑ نے کہا کہ پارٹی سربراہ کون ہو یہ فیصلہ پارٹی کا ہے نہ کہ اداروں کا۔ ایسا ساری جماعتوں کے ساتھ ہو گا، سب ایک نکتے پر متحد ہو جائیں۔

مسلم لیگ ن کے سینیٹرغوث محمد نیازی نے کہا کہ پارلیمنٹ سپریم ہے لیکن کہا جا رہا ہےکہ آئین سپریم ہے، آئین کی ماں تو پارلیمنٹ ہے، ایک طرف آپ آمر کو آرام سے باہر جانے دیتے ہیں، دوسری طرف منتخب وزیراعظم کو نکال دیتے ہیں۔

سینیٹر اعظم موسیٰ خیل نے کہا کہ وہ نواز شریف کا دفاع نہیں کرتے لیکن اُن کے ساتھ جو ہو رہا ہے وہ درست نہیں، ملک میں انارکی بڑھے گی۔

 

تازہ ترین