• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دانیال عزیز کے بیانات کا متن وکیل کو فراہم کرنے کی ہدایت

Sc Orders Transcript Of Daniyal Azizs Statements Be Handed To His Counsel

وفاقی وزیر برائے نجکاری دانیال عزیز کے خلاف توہین عدالت کیس میں سپریم کورٹ نے دانیال عزیز کے بیانات کا متن وکیل کو فراہم کرنے کی ہدایت کردی۔

جسٹس عظمت سعید شیخ کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3 رکنی بنچ نے دانیال عزیز کے خلاف توہین عدالت ازخود نوٹس کیس کی سماعت کی۔

سماعت کے دوران دانیال عزیز اپنے وکیل علی رضا ایڈووکیٹ کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔

دانیال عزیز کے وکیل نے عدالت عظمیٰ کے روبرو کہا کہ 'میرے پاس اپنے موکل کے بیانات کی وڈیو کلپ نہیں ہے۔

جس پر عدالت عظمیٰ نے کہا کہ 'ویڈیو کلپ آپ پریس اینڈ انفارمیشن ڈپارٹمنٹ (پی آئی ڈی) سے خود لے لیں۔

اس موقع پر جسٹس عظمت سعید شیخ نے ریمارکس دیئے کہ 'مجھ سے وہ کھیل نہ کھیلیں جو میں نے ایجاد کیا۔

سماعت کے بعد عدالت عظمیٰ نے دانیال عزیز کے بیانات کا متن وکیل کو فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ توہین آمیز کلمات کو ہائی لائٹ کردیا جائے۔

بعدازاں کیس کی سماعت 6 مارچ تک کے لیے ملتوی کردی گئی۔

واضح رہے کہ چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے ٹی وی ٹاک شوز کے دوران سپریم کورٹ اور ججوں کے بارے میں دانیال عزیز کے عدلیہ مخالف بیانات پر 2 فروری کو توہین عدالت کا ازخودنوٹس لیتے ہوئے بنچ تشکیل دیا تھا۔

تازہ ترین