• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کرکٹ بورڈ کا شکرگزارہو،غلطی سدھارنے کا موقع دیا، محمد عرفان

پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر محمد عرفان کا کہنا ہے کہ مجھ سے ایک غلطی ہوئی تھی جس کی سزا مل گئی۔ میں پاکستان کرکٹ بورڈ کا شکر گذار ہوں کہ مجھے ایک اور موقع ملا۔ میں کوشش کررہا ہوں کہ اپنی فارم اور فٹنس سے پاکستان ٹیم میں جگہ بنائوں۔

ملتان سلطانز کو ٹورنامنٹ میں پہلی کامیابی کے بعد پریس کانفرنس میں عرفان نے اعتراف کیا کہ اسپاٹ فکسنگ کیس میں ان سے غلطی ہوئی تھی لیکن میں نے بروقت اپنی غلطی مان لی۔

ان کا کہنا تھا کہ اس ٹورنامنٹ میں اچھی کارکردگی دکھاکر سلیکٹرز کی توجہ حاصل کرنا چاہتا ہوں۔

محمد عرفان پرپاکستان کرکٹ بورڈ نے ا سپاٹ فکسنگ کیس میںایک سال کے لیے معطل کر دیا تھا۔ اس کے علاوہ ان پر دس لاکھ روپے کا جرمانہ کیاتھا اور چھ ماہ کیلئے سینٹرل کنٹریکٹ بھی معطل کردیا تھا۔

محمد عرفان کو یہ سزا بکیز کی جانب سے رابطہ کیے جانے پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے اینٹی کرپشن سیل کو آگاہ نہ کرنے پر دی گئی تھی۔

محمد عرفان نے پاکستان کی جانب سے 4 ٹیسٹ میچ، 60 ون ڈے انٹرنیشنل اور 20 ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے ہیں۔

محمد عرفان کا کہنا تھا کہ ان کے اس فعل سے اگر کسی کی دل آزاری ہوئی ہے تو وہ ان سے معافی مانگتے ہیں اور انھیں امید ہے کہ پاکستانی قوم انھیں معاف کر دے گی۔

واضح رہے کہ اس سال فروری میں کھیلے جانے والی پاکستان سپر لیگ کے سیزن ٹو کے آغاز پر پاکستانی کھلاڑیوں شرجیل خان، خالد لطیف، ناصر جمشید، شاہ زیب حسن خان اور محمد عرفان پرا سپاٹ فکسنگ کا الزام لگایا گیا تھا۔

 

تازہ ترین