• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سنیما کا ٹکٹ 200روپے۔۔۔ مگر معیار برقرار رکھنا چیلنج ہوگا

The Cinema Ticket 200 Rupees But Maintaining Standards Will Be A Challenge

عزیر، لاہور

میں نے پڑھا ہے کہ سنیما گھروں میں ٹکٹ کی قیمت 200 ہونے والی ہے،یقین نہیں آرہا کیونکہ مہنگائی کے اس دور میں جدید اور بڑے سنیما گھروں میں اس قیمت پر ٹکٹ ملنامشکل ہی نہیں ناممکن بھی ہے۔

ملک کے اچھے اور بڑے سنیما گھروں میں ٹکٹ کی قیمت اگر واقعتاً اتنی ہوجائے جتنا کہا جارہا ہے تو شاید اس طرح ملک میں فلموں کا وہ پرانا اور سنہرا دور بھی واپس آجائے جب سرشام غریب اور عام افراد اپنے خاندان کے ساتھ سنیما گھر جاتے تھے اور اچھی وصاف ستھری تفریح سے محظوظ ہوکر خوشی خوشی لوٹتے تھے۔

مگر کیسے؟ مہنگائی کے اس دور میں کسی اچھی جگہ پر عمدہ سنیما بنانا، اس پر اٹھنے والے اخراجات پھر فلم خریدنا یا امپورٹ کرنا اور اسٹاف کو تنخواہیں وقت پر دینا ایک مشکل کام ہے کیونکہ ملک میں ابھی دوبارہ فیملی کے ساتھ فلم دیکھنے کا زمانہ لوٹ کر نہیں آیا، آج کل کم ہی لوگ سنیماؤں کا رخ کرتے ہیں۔ان حالات میں مالکان کے لیے ٹکٹ کی قیمتوں کا کم کر کےسنیما چلانا مشکل ہوجائے گا۔

دوسری جانب ملک کے چھوٹے سنیما گھروں میں ٹکٹ کی قیمتیں تو کم ہیں لیکن وہاں پر چلنے والی فلمیں ایسی نہیں ہوتیں جنہیں لوگ دیکھنا چاہتے ہیں جبکہ وہاں کا ماحول بھی کچھ ایسا نہیں ہوتا کہ وہاں خواتین اور بچوں کو لے جایا جائے،اسی لیے وہاں فیملیاں جانے سے گریز کرتی ہیں۔

میری حکومت سے گزارش ہے کہ عوام کے لیے معیاری سنیماؤں کے ٹکٹ کی قیمتیں ضرور کم کی جائیں مگر 200 روپے میں ٹکٹ کی فراہمی اور ماحول کومہذب و خوشگوار بنانا ضروری ہوگا۔

کہیں ایسا نہ ہو کہ ٹکٹ کی قیمت کم کرنے کے بعد جدید سنیما ہالز اپنے معیار کو گرادیں، اس لیے حکومت کو بہت کچھ سوچ سمجھ کر یہ قدم اٹھانا ہوگا۔

تازہ ترین