• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
Wahab Riaz Moutaches Like Janson

فاسٹ بولر وہاب ریاض اس وقت پاکستان کی ٹی 20 اور ون ڈے ٹیم سے باہر ہیں۔ لیفٹ آرم پیس بولر پاکستان سپر لیگ میں آسٹریلوی فاسٹ بولر مچل جانس کی طرح مونچھیں رکھ کر نئے گیٹ اپ کے ساتھ آئے ہیں اور ان کا خیال ہے کہ مچل جانسن کی طرح بن کر پاکستانی ٹیم میں واپسی کی ترغیب مل سکے گی۔

سوشل میڈیا پر بھی وہاب ریاض کا نیا انداز موضوع بحث بنا ہوا ہے۔ نمائندہ جنگ نے اس بارے میں جب وہاب ریاض سے دریافت کیا تو انہوں نے کہاکہ مچل جانسن میرے پسندیدہ بولر ہیں میں چاہتا ہوں کہ ان کا انداز اپنا کر اپنی کارکردگی میں بہتری لائوں اور پاکستان ٹیم میں جگہ بناوں۔

ان کا کہنا تھا کہ اس وقت مجھ پر برا وقت چل رہا ہے، امید ہے حلیے میں تبدیلی سے میری کارکردگی میں بھی بہتری آئے گی۔ میں نے پاکستان ٹیم سے ڈراپ ہونے کے بعد بہت محنت کی ہے۔ پوری رفتار سے بولنگ کررہا ہوں۔ مجھے پتہ تھا کہ اگر اس انداز سے اچھی بولنگ نہ کرسکا تو پھر لوگ مذاق اڑائیں گے اس لئے میں نے کارکردگی کو فوکس کیا۔

پاکستان سپر لیگ میں ملتان کے خلاف میچ میں احمد شہزاد اور کمار سنگاکارا کی وکٹیں لیں ۔ انہیں پی ایس ایل میں بھی سب سے زیادہ وکٹیں لینے کا اعزاز حاصل ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پشاور زلمی کے محمد حفیظ نے اپنے ساتھ وہاب ریاض کی تصویر شیئر کی جس میں انہوں نے لکھا کہ ’’ وہاب ریاض کے نئے لُک کے حوالے سے کچھ نہیں کہا جاسکتا‘‘۔

حفیظ کی اس ٹوئٹ پر سوشل میڈیا میں وہاب ریاض کی مونچھیں موضوع بحث بن گئی اور صارفین نے اپنے اپنے انداز میں اس پر تبصرہ کیا۔

وہاب ریاض نے کہا کہ ہر بار ایک وکٹ سے بہترین بولر کا اعزاز حاصل نہ کرسکا اس بار کوشش ہے کہ ٹورنامنٹ کا بہتر بولر بنوں۔

 

تازہ ترین