• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

افغانستان میں دہشتگردوں کے زیر اثر علاقے اب بھی ہیں، ڈی جی آئی ایس پی آر

پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور کہتے ہیں کہ پاک فوج نے دہشت گردوں کے ٹھکانے ختم کر دیے ہیں البتہ بدقسمتی سے افغانستان میں اب بھی دہشت گردوں کے زیر اثر علاقے موجود ہیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے عرب اخبار سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے پاک فوج بہت باصلاحیت ہے، پاکستان 15برس سے دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑ رہا ہے اور ہم نے دہشت گردوں کے ٹھکانے ختم کر دیئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے پاک افغان سرحد پر افغانستان کی طرف حالات مختلف ہیں اور افغان افواج کی صلاحیت میں کمی سےاب بھی افغانستان میں ایسے علاقے ہیں جو دہشت گردوں کے زیر اثر ہیں۔

میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ پاکستان نے تنہا دہشت گردوں کےخلاف آپریشن میں کامیابیاں سمیٹی ہیں اور پاک افغان سرحد پر مستقل امن کے لیےافغانستان کو بھی کامیاب کوششیں کرنا ہوں گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کےسعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سےتاریخی اوربہترین تعلقات ہیں اور تینوں ممالک کے درمیان آپسی تعاون خطے کے مفاد میں ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے یہ بھی کہا کہ دہشت گردوں سے کلیئر کرائے گئے علاقوں میں سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات نے سوشل ڈیولپمنٹ میں بہت کام کیا ہے۔

تازہ ترین