• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
فش ایکوریئم...

فش ایکوریئم میں تیرتی پھرتی رنگ برنگی مچھلیاں نہ صرف خوبصورت دکھائی دیتی ہیں بلکہ یہ ذہنی طور پر سکون بھی بخشتی ہیں، اسی لیے باذوق لوگ مچھلیاں پالنے کے بھی شوقین ہوتے ہیں۔فش ایکیوریئم گھر میں رکھنا اور اس کی شوخیوں سے لطف اندوز ہونانہ صرف ایک صحت بخش مشغلہ ہے بلکہ یہ دن بھر کی تھکاوٹ دور کرنے اور موڈ کو بہتر کرنے میں بھی معاون ثابت ہوتا ہے۔ خوبصورت پتھروں اور سمندری پودوں سے سجا صاف شفاف ایکیویرئیم جہاں مچھلیوں کو ان کی ضرورت کے مطابق موزوں ماحول دیتا ہے وہیں گھر کی خوبصورتی کو بھی چار چاند لگا دیتا ہے۔

مچھلیوں کی اقسام

گھر میں رکھی جانے والی خوبصورت مچھلیوں کی بہت سی اقسام ہیں جن میں گولڈ فش، البینو، کلون لوچ، ٹیٹرا، گپی، اینجل فش، بٹرفلائی اور فائٹر فش شامل ہیں۔مچھلیوں کے مختلف دام اور نام ہیں جبکہ ان میں سب سے زیادہ پسند کی جانے اور گھروں میں رکھنے والی ”گولڈ فش“ہے۔

مچھلیوں کی دیکھ بھال صاف شفاف پانی

مچھلی کی زندگی کے لئے صاف پانی بہت ضروری ہے لہٰذا اس بات کا خاص خیال رکھیں کہ 8 سے 10 دن بعد ایکیویرئیم کا پانی ضرورفلٹر ہوجائے۔ اس سے اس کے پیندے میں اکٹھا ہونے والا فضلہ اور جراثیم بھی دور ہوجائیں گے ۔ واضح رہے کہ مچھلی گھرمیں نل کا پانی ہی ڈالا جاتا ہے۔ مگر اس کے ساتھ ساتھ اس میں ڈالے جانے والے دانے، کنڈیشنر اور چند مخصوص ادویہ اس پانی میں تیزابیت اور آکسیجن کو ایک خاص سطح پر رکھتی ہیں جس کی وجہ سے یہ مچھلیاں زندہ رہ پاتی ہیں۔

پانی کی فلٹریشن

ایکیویرئیم کا صاف پانی بڑی حد تک اس کی فلٹریشن پر منحصر ہوتا ہے۔ اس میں نصب کی گئی موٹریں اس کے اندر پانی کو گردش دیتی اور اسے صاف کر تی ہیں۔ فلٹریشن موٹر اگر نارمل کوالٹی کی ہوتو پانی کو 10سے15دنوں کے بعد تبدیل کرنا پڑتا ہے۔اس کے برعکس اچھی کوالٹی کی موٹر سے آپ کو تین ماہ تک پانی تبدیل کرنے کی ذمہ داری سے نجات مل سکتی ہے۔

پانی کا درجہ حرارت

پانی کا درجہ حرارت مچھلیوں کی زندگیوں پربہت زیادہ اور براہ راست اثر انداز ہوتا ہے۔ اس لئے ضروری ہے کہ مچھلی گھر کے پانی کا درجہ حرارت مناسب ہو ورنہ مچھلیاں بیمار ہوجائیں گی اور انتہائی صورت میں مر بھی سکتی ہیں۔ ان کے لئے پانی کا موزوں درجہ حرارت 22سے32 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان ہے۔ اگرٹمپریچر اس لیول سے زیادہ ہو جائے تو پانی میں آکسیجن کی کمی کی وجہ سے مچھلیوں کی زندگی کو خطرہ لاحق ہوجاتا ہے۔ اس کے برعکس درجہ حرارت نیچے جانے سے مچھلی کو ٹھنڈ لگ سکتی ہے جو اس کے لئے جان لیوا ثابت ہوسکتی ہے۔

درجہ حرارت کو ماپنے کے لئے ایکیویریم پر ایک تھرما میٹر لگا ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ اس میں کچھ ہیٹر بھی نصب کئے جاتے ہیں تاکہ وقت ضائع کئے بغیر پانی کا درجہ حرارت مناسب سطح تک لایا جاسکے۔ مگر خیال رہے کہ تھرما میٹر بھی درست حالت میں ہو۔

مچھلی کی خوراک

مچھلی گھر خریدتے وقت ہر گاہک کو تین ماہ کے لئے مچھلی کی مخصوص خوراک اور ادویہ دی جاتی ہیں جو اس کی اچھی صحت کی ضامن ہوتی ہیں۔یہ چیزیں مچھلی کی اقسام کے لحاظ سے مختلف ہوتی ہیں۔ اس بات کا خیال رکھیں کہ خوراک‘ تجویز کردہ مقدار سے زیادہ نہ ہو ورنہ یہ مچھلیوں کی صحت کو متاثر کرنے کے ساتھ ساتھ مچھلی گھر میں لگے فلٹرز کا کام بھی بڑھا دے گی۔ عام طور پر مچھلیوں کو دن میں دو مرتبہ خوراک دی جاتی ہے۔

ایکیویرئیم میںپودوںکا مقصد مچھلی گھر کی خوبصورتی بڑھانے کے ساتھ ساتھ چھوٹی چھوٹی شرمیلی مچھلیوں کو چھپنے کے لئے محفوظ مقام مہیا کرنابھی ہے۔پودوں کا ایک بڑا فائدہ یہ ہے کہ وہ آکسیجن کی بڑی مقدار پانی میںخارج کرتے ہیں۔ اس کی وجہ سے مچھلیاں صحت مند ماحول میں سانس لے پاتی ہیں۔اس کے علاوہ یہ مچھلیوں کا فضلہ (امونیا اور نائیٹریٹ) اپنے اندر جذب کر لیتے ہیں۔

ان پودوں کے گرنے والے پتوں کے لئے فلٹر کا استعمال بہت ضروری ہے۔ مچھلی گھرکا یہ ماحول مچھلیوں کو زندہ رہنے میں بہت مدد دیتا ہے۔مچھلیاں رکھیں لیکن ان کی دیکھ بھال ،صفائی اور خوراک کا لازماً خیال رکھیں تاکہ وہ بھی آپ سے اتنا ہی لطف اٹھائیں جتنا آپ ان کے ساتھ سے اٹھاتے ہیں۔

تازہ ترین