• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاری

اسٹاک مارکیٹ میں دو طرح کا نفع ملتا ہے، ایک تو یہ کہ آپ کسی کمپنی کے حصص خرید یں اور سال کے اختتام پر وہ کمپنی ان حصص پر نفع (ڈِویڈنڈ)دے، کمپنی اپنی مالی پوزیشن اور پرفارمنس دیکھ کر نفع دینے یا نہ دینے کا فیصلہ کرتی ہے۔ واضح رہے کہ نفع دینےکی شرح بینکوں کے نفع کی طرح پہلے سے متعین کی ہوئی نہیںہوتی بلکہ کمپنی کے مجموعی منافع کودیکھتے ہوئے تمام حصے داروں میں یکساں نفع تقسیم کیا جاتا ہے،کمپنی کو زیادہ منافع ہوگا تو نفع بھی زیادہ ملے گا۔

اسٹاک مارکیٹ میں نفع حاصل کرنےکی دوسری شکل یہ ہے کہ آپ نے کسی کمپنی کے حصص خریدے اور کچھ عرصے بعد ان کی قیمت بڑھ گئی، اگر آپ اس نئی قیمت پر یہ حصص فروخت کردیں گے توقیمتوں کے درمیان جو فرق ہوگا وہ آپ کانفع ہوگا۔ یہ تجارت یا لین دین کی وہی شکل ہے جو دیگر اجناس کی تجارت میں ہوتی ہے۔

اگر آپ اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں تو چند مشوروں پر عمل کریں:

  • لالچ سے بچیں کیونکہ یہ حکمت خراب کر دیتا ہے
  • ایک ہی غلطی دو بارہ نہ کریں
  • لوگوں کے پیچھے جانے یا ان کی باتوں میںآنےسے نقصان صرف آپ کا ہوگا
  • سرمایہ کاری کے تمام آپشنزکو ایک ہی جگہ استعمال نہ کریں 
  • افواہوں کو’ ٹپ‘ کے طور پر استعمال نہ کریں، اس سے صرف نقصان ہوگا
  • جذباتی ہوکرسرمایہ کاری نہ کریں، اس سے صرف نقصان ہوگا
  • پہلےریسرچ کریں، پھر سرمایہ کاری کریں
  • بےصبری سے گریز کریں ، صبرنفع دے جاتا ہے، بےصبری نہیں

اسٹاک مارکیٹ میں ٹریڈنگ کے دوران چند باتوں کا خاص خیال رکھیں:

  • جو معلومات حاصل ہوں ان کی جانچ پڑتال ضرور کریں
  • رائے، حقائق یا افسانہ؟ اس کو جان کرکوئی فیصلہ کریں 
  • اسٹاک مارکیٹ کےاصول اور طریقہ کار منفرد ہیں،اس کے اتار چڑھائو کو اچھی طرح سمجھ لیں
  • حکمت سے کام لیں کیونکہ کامیابی آپ کے نظم و ضبط اور کیے گئے بہتر فیصلوں پر منحصر ہے
  • منصوبہ بندی کریں، ایک اسکیم تیارکریں اور اُس کے مطابق کام کریں
  • اسٹاک مارکیٹ میںمنافع حاصل کرنے کے لیے آپشنز اور حکمت عملی پر نظر رکھیں
  • سمجھداری کا مظاہرہ کریں اور فیصلے احتیاط سے کریں
  • اوور ویلیو اسٹاک سے بچیںاسٹاک، حصص کی قیمتوں میں اتار چڑھائو کے علاوہ، ان کی حقیقی قیمت سے آگاہ رہیں
  • کچھ نقد رقم اپنے پاس رکھیں جبکہ باقی سرمایہ کاری کے لئے محفوظ رکھیں
  • اپنے سرمائے کو دیکھتے ہوئے محدود پیمانے پررسک لیںاوراس کو کم سے کم کرنے کی کوشش کریں
  • سرمایہ کاری کا تحفظ یقینی بنائیںکیونکہ آپ کے پورٹ فولیو اور سرمایہ کاری کی حفاظت زیادہ اہم ہے

چند باتیں جو کسی بھی کمپنی کے حصص خریدنے سے پہلے آپ کو پتہ ہونی چاہئیں:

کمپنی کیا کرتی ہے؟

کیاکمپنی منافع بخش ہے؟

کمپنی کی آمدنی کیارہی ہےاور مستقبل کا کیا رجحان ہے؟

کیاکمپنی ماضی میں بھی منافع بخش رہی ہے؟

کمپنی کے حصص کتنے قابل قدر ہیں؟

کمپنی کے حریف کون ہیں؟

کمپنی کون چلاتے ہیں؟

کیاآپ نے کمپنی کی سالانہ رپورٹس کو پڑھا ہے؟

ایک سادہ سا مشورہ

اگر آپ پہلی بار سرمایہ کاری کی دنیا میں کودنے والے ہیں اور آپ کا ارادہ حصص کی خرید و فروخت میں سرمایہ کاری کرنے کا ہے تویہ بات ذہن میں رکھیں کہ یہ رسکی بھی ہو سکتاہے۔ غلط حکمتِ عملی یاافواہوں پردھیان دینے سے سرمایہ کاروں کونقصان اٹھاناپڑ سکتاہے۔ عموماً دو لاکھ روپے تک کی سرمایہ کاری کرنے والے چھوٹے سرمایہ کاروں کے زمرے میں آتے ہیں۔ اگر آپ کے پاس چند لاکھ روپے ہیں تو اسٹاک ایکسچینج میں سرمایہ کاری کا سب سے بہتر طریقہ یہ ہے کہ آپ منافع میں چلنے والی کمپنیوں کے حصص خریدیں تاکہ آپ کو ششماہی یاسالانہ بنیاد پر نفع (ڈِویڈنڈ) ملتا رہے۔ایسی کمپنیوں کی پچھلی پرفارمنس بھی اچھی ہوتی ہے اور توقع ہوتی ہے آئندہ بھی انکی کارکردگی اچھی رہے گی۔ 

کسی کمپنی کی کارکردگی جاننے کے لیےکچھ اشاریے ہوتے ہیں، جیساکہ ان کا مجموعی اورخالص منافع، قرضےاور اثاثے وغیرہ۔ کسی بھی کمپنی کےحصص کے حوالے سے سب سے اہم اشاریہ فی شیئرآمدنی) (Earning per share ہوتا ہے۔ یہ ایک تناسب) (Ratio ہے جس سے پتا چلتا ہے کہ کمپنی اپنے حصہ داروں کو کیا دیتی ہے۔ آپ جس کمپنی کے حصص خریدنے میں دلچسپی رکھتے ہیں اس کی ویب سائٹ پر جا کر یا پھر اسٹاک ایکسچینج کے ذریعےاس کی فی شیئرآمدنی کے بارے میں معلومات حاصل کرسکتے ہیں۔ 

تازہ ترین