• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دلاور فگار

ہمارے ملک میں چودہ اگست، اک عید ہوتی ہے

کہ اس دن اک اہم تاریخ کی ، تجدید ہوتی ہے

یہ عید اُن کی ہے، جو تحریکِ آزادی کے ہیرو ہیں

حقیقت یہ ہے، پاکستان کے خالق، یہی تو ہیں

یہی تو ہیں، جواس دن کے لیے ، خوں میں نہائے تھے

یہی تو ہیں، جنہوں نے گیت ، آزادی کے گائے تھے

یہ عید اُن کی ہے، جو تحریک کے صحرا سے گزرے تھے

یہ عید اُن کی ہے، جو چلتے ہوئے دریا سے گزرے تھے

یہ عید اُن کی ہے، جو قومی محافظ ہیں، نگہباںہیں

یہ عید اُن کی ہے، جن سے بجلیاں خائف ہیں، لرزاں ہیں

یہ عید اُن کی ہے، جن کا خون شامل ہے بہاروں میں

یہ عید اُن کی ہے، سرحد پر کھڑے ہیں جو قطاروں میں

یہ عید اُن کی ہے،جو اللہ پر ایمان رکھتے ہیں

جلا کر دل، فروزاں شمعِ پاکستان رکھتے ہیں

یہ عید اُن کی ہے، جن سے نکہتِ بادِصبا، پھیلی

یہ عید اُن کی ہے،جن کے نام سے حق کی ضیا پھیلی

یہ عید اُن کی ہے، بے تیغ وسپر بھی جو سپاہی ہیں

وہ جن کے کارنامے خود، ثبوت ِخیر خواہی ہیں

یہ عید اُن کی ہے، جو اسلام کی قدروں کے حامل ہیں

یہ عید اُن کی ہے، قائد کی ہدایت پر جو عامل ہیں

یہ عید آئی ہے، پاکستان کی ، قومِ دلاور کو

لگایا ہے گلے بڑھ کر، کراچی نے پشاور کو                     

تازہ ترین
تازہ ترین