• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
جنگ نیوز

پاکستان کے خوبرو ہیرو ،جن کا ہر اندازشاہانہ، اطوار جداگانہ، نا صرف پاکستانی بلکہ بھارتی بھی ہوئے جن کے دیوانے،جی ہاں! بات ہورہی ہے آئیکونک اسٹار فواد خا ن کی۔ فواد خان پاکستان کی ایک ملٹی ٹیلنٹڈشخصیت ہیںجن کا شمار پاکستان اور بھارت کے صف اول اداکاروں میں ہوتا ہے۔ فواد لاکھوں پاکستانی اور بھارتیوں کے دلوں پر راج کرتے ہیں، ان کی فلمیں ہوں یا ڈرامے، فواد کے چاہنے والوں کو ریلیز ہونے سے قبل ہی بے چین کیے رکھتے ہیں۔ خوبصورتی ہو یا پھر اداکاری کا فن، خدا نے انھیںہر طرح سے نوازا ہے۔ تو آئیے بالی ووڈ اور شوبز انڈسٹری میں کامیابیوں کے جھنڈے گاڑنے والے پاکستانی اداکار فواد خان کی زندگی پر ایک نظر ڈالتے ہیں۔

جنگ نیوز

فواد خان کا پورانام فواد افضل خان ہے، وہ29نومبر1981ء کو کراچی میں پیدا ہوئے،اپنی پیدائش کی تاریخ کے پیش نظر فواد کا ستارہ ’برج قوس‘ ہے۔ زندگی کے ابتدائی سال اپنے والد کی ملازمت کی وجہ سے ملک سے باہر گزارے۔ انھوں نے نیشنل یونیورسٹی آف کمپیوٹر اینڈ ایمرجنگ سائنسز سے بیچلر کی ڈگری حاصل کی۔ یونیورسٹی لائف سے ہی فواد کو اداکاری اور ڈراموں میں کام کرنے کا شوق تھا، یہی وجہ تھی کہ فواد نے یونیورسٹی ڈرامہ فیسٹیول کے بے شمار ڈراموں میں کام کیا۔

شخصیت کے کچھ خفیہ راز

فواد سے متعلق کہا جاتا ہے کہ وہ کم گو ہیں اور عوام سے گھلنا ملنا پسند نہیں کرتے۔ اس راز سے پردہ اٹھاتے ہوئے فواد کا کہنا ہے کہ میں اس لیے کم بولتا ہوں کیونکہ میں اپنے آپ کو زیادہ ذہین اور سمارٹ نہیں سمجھتا، اسی لیے اپنی باتوں میں پھنسنے کی بجائے خاموشی اچھی ہے۔میں خاموش طبیعت کا مالک ہوں اور اپنی آراء کو اپنے آپ تک رکھنا پسند کرتا ہوں۔

٭فواد خان کم گو ہی نہیں بلکہ بہت جذباتی شخصیت کے مالک ہیں۔ وہ اس کا بے حد خیال رکھتے ہیں کہ کسی کا دل چھوٹی سی بات پر بھی نہ دکھے۔ شاندار شخصیت کے مالک فواد خان چھوٹی سی بات پر بھی آبدیدہ ہوجاتے ہیں۔

٭فواد کی شخصیت کا اہم راز ان کی نفاست پسند طبیعت ہے، جس کا اندازہ اِن کے مداح اُن کے کپڑوں اور جوتوں سے بآسانی لگالیتے ہیں۔ سیٹ کے علاوہ فواد خان کو گھر میں بھی اسی حال میں دیکھا جاتا ہے ۔

٭فوادچونکہ شوگر کے مریض ہیں اس لیے گوشت کے بجائے سبزیوں کو ترجیح دیتے ہیں۔ ان کا پسندیدہ کھانا سرسوں کا ساگ اور کریلے ہیں۔

جنگ نیوز

فنی کیریئر اور پاکستانی انڈسٹری

فواد خان نےاپنے فنی کیریئر کا آغاز 2000ءمیں پاپ میوزیکل بینڈ ’ای پی‘ میں گلوکاری سےکیا جبکہ 2001ء میں اداکاری کی شروعات ایک مزاحیہ ڈارمے سے کی مگر اس کے بعد کچھ عرصہ وہ اداکاری سے دور رہے۔ 2007ء میں پاکستانی فلم ’خدا کے لیے‘میںکامیابی سے معاون کردار ادا کیا، جس کے بعد وہ مداحوں کے دلوں میں تیزی سے جگہ بناتے گئےاوریہیں سے ان کے کیریئر کو نیا عروج ملا۔ فواد نے کئی سپرہٹ ڈراموں، ٹیلی فلموں اور فلموں میں اپنی اداکاری کا لوہا منوایا۔

ازدواجی زندگی

یہ سب ہی جانتے ہیں کہ فواد خان اپنی اہلیہ سے بے حد پیار کرتے ہیں لیکن کم ہی لوگ شاید یہ جانتے ہوں گے کہ فواد خان16برس کی عمر میں اپنی اہلیہ صدف کی محبت میں گرفتار ہوئے اور اسی وقت ان کو اپنی بیوی بنانے کا فیصلہ کرلیا تھا۔ 2005ء میں دونوں شادی کے بندھن میں بندھ گئے۔

بالی ووڈ میں اینٹری

فلم ’خوبصورت‘ کے ذریعے پاکستان کے چارمنگ ہیرو فواد خان نےسونم کپور کے ہمراہ بالی ووڈ میں دھماکے دار اینٹری دی، جس کے بعد وہ آگے بڑھتے چلے گئے۔ فلم ’خوبصورت‘ کے بعد فواد خان نے ایک اور بالی وڈ فلم ’کپور اینڈ سنز‘ میں بھی کام کیا۔ اس کے علاوہ ہدایت کار کرن جوہر کی فلم ’اے دل ہے مشکل‘ میں فواد کو معاون کردار ملا، جسے فواد خان کے مداحوں کی جانب سے خوب سراہا گیا۔

سینماٹک آئیکون

فواد خان کا کام قابل ستائش اور پاکستانی فلم انڈسٹری کے لیے قابل فخر ہے۔ ان کی بہترین کارکردگی اور قابل تعریف صلاحیتوں کے باعث انھیں دبئی میں منعقدہ فلم فیئر مڈل ایسٹ میگزین کی تقریب کے دوران رواں برس پاکستان اور بھارت کے بہترین سینماٹک آئیکون کے اعزاز سے نوازا گیا۔ صرف یہی نہیں، اس سے قبل بھی فواد خان کو انڈیا میں’فریش فیس ایوارڈ‘، ’بیسٹ ایکٹر‘ اور دوسرے کئی اعزازات سے نوازا جاچکا ہے۔

تازہ ترین
تازہ ترین