• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’’وزیراعظم نے احتساب خود سے شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے‘‘

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اور کابینہ نے احتساب کا عمل اپنے آپ سے شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے اپنے عہدے کا حلف اٹھانے کے بعد پہلی پریس کانفرنس کرتے ہوئے آج وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں ہونے والے پہلے کابینہ اجلاس کی تفصیلات بتاتے ہوئے مزید کہا کہ پوری کا بینہ نے ہالینڈ میں شیطانی خا کوں کی مذمت کی ہے، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے کہا گیا ہے کہ ہالینڈ کے سفیر کو طلب کرکے احتجاج ریکارڈ کرائیں، او آئی سی کو متحرک کریں ۔

انہوں نے کہا کہ کابینہ اور وزیراعظم عوامی احتساب کا سامنا کریں گے، کابینہ اراکین سے بیرون ملک علاج کی سہولت واپس لے لی گئی ہے، کسی وزیر کا سرکاری خرچ پر بیرون ملک علاج نہیں ہوگا، وزیراعظم ہاؤس کی گاڑیوں کی نیلامی کی منظوری دے دی گئی ہے، وزیراعظم ہاؤس میں 88گاڑیاں ہیں، غیر ضروری مہنگی ترین گاڑیوں کی نیلامی ہوگی۔

فواد چوہدری نے بتایا کہ حکومت کی ملکیت میں اربوں روپے کی پراپرٹیز پر دو کمیٹیاں بنائی گئی ہیں، تاریخی اور عمومی پراپرٹیز کا جائزہ لیا جائے گا، ایک کمیٹی کے سربراہ شفقت محمود دوسری کمیٹی کے سربراہ اسد عمر ہوں گے، جہاں ہماری حکومت ہے وہاں ہم اپنی پالیسی براہ راست نافذ کریں گے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ نچلے درجے کے ملازمین کو نوکریوں سے نہیں نکالا جارہا ، وزراء اور بیوروکریٹس کے بیرون ملک دوروں پر پابندی لگانے کا حکم دیا گیا ہے، وزیر اعظم خود بھی تین ماہ تک بیرون ملک دوروں کا ارادہ نہیں رکھتے، صرف شاہ محمود قریشی بیرون ملک دورے کریں گے، یہ سارے معاملات ہم نے خود سے شروع کیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کرپشن کا خاتمہ ہماری حکومت کا اہم حصہ ہے، کابینہ نے فیصلہ کیا ہے کہ نوازشریف اور مریم نواز کے نام ای سی ایل پر ڈالے جائیں گے، وزارت قانون اور وزارت داخلہ کو حکم دیا گیا ہے کہ حسن، حسین اور اسحاق ڈار کو وطن لاکر عدالتوں کے سامنے پیش کیا جائے۔

فواد چوہدری نے مزید کہا کہ ایون فیلڈر پراپرٹیز پاکستانی عوام کی ملکیت ہیں، وزارت قانون ایون فیلڈ جائیداد کے لیے برطانیہ سے رابطہ کرے گی، شہزاد اکبر کی سربراہی میں ایک ٹاسک فورس بنائی گئی ہے جو بیرون ملک غیر قانونی اثاثوں کو وطن واپس لائے گی۔

وزیر اطلاعات نے یہ بھی کہا کہ وزیر اعظم ہاؤس کا خرچہ بجٹ میں واضح ہے، 6کروڑ سے زائد رقم صرف وزیراعظم ہاؤس پر خرچ ہوئی، نواز شریف اور ان کا خاندان 4سال کا خرچہ دینا چاہیں تو ہم انہیں تفصیلات بھجوادیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے دور میں سیاسی تقرریاں نہیں ملیں گے، ہم صدارتی الیکشن جیتنے کے لیے پرامید ہیں، جس کے لیے ڈاکٹر عارف علوی ہمارے امیدوار ہیں، میں سپریم کورٹ کا وکیل ہوں، چیف جسٹس میرے ٹیچر رہے ہیں، ان سے احترام کا رشتہ ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ اقوام متحدہ کے اجلاس میں شاہ محمود پاکستان کی نمائندگی کریں گے، پرویز مشرف کے معاملے پر آج کابینہ میں کوئی بات نہیں ہوئی، ہم ضمنی الیکشن بھرپور طریقے سے لڑیں گے، جہانگیر ترین کو کوئی سرکاری پروٹوکول نہیں دیا جا رہا۔

تازہ ترین