• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’سدھو امن کےسفیر، پاکستان آمد پر شکریہ‘


وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے سابق بھارتی کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو کے لیے محبت کے اظہار سے بھرپور پیغام سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے نوجوت سنگھ سدھو سے اپنی وزارتِ عظمیٰ کی حلف برداری کے موقع پر پاکستان آنے پر اظہار تشکر کیا ہے۔

وزیر اعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ اپنی حلف برداری میں شرکت پر نوجوت سنگھ سدھو کا شکریہ ادا کرتا ہوں، سدھو امن کے سفیر ہیں، انہیں پاکستان کے عوام نے بے پناہ پیار اور محبت دی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ پاکستان آنے پر بھارت میں جو لوگ سدھو کو نشانہ بنارہے ہیں وہ برصغیر میں امن کو نقصان پہنچا رہے ہیں، امن کے بغیر ہمارے لوگ ترقی نہیں کر سکتے۔

وزیر اعظم نے مزید کہا کہ مستقبل کی جانب پیش قدمی کیلئے ہندوستان اور پاکستان کو مذاکرات کرنا ہوں گے اور کشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب معاملات کا حل نکالنا ہو گا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ غربت مٹانے اور برصغیر کے عوام کی زندگیوں میں بہتری لانے کا آسان ترین نسخہ ہے کہ بات چیت کے ذریعے تنازعات حل کئے جائیں اور باہم تجارت کا آغاز کیا جائے۔

واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی دعوت پر ان کی حلف برداری کے لیے بھارت کے کئی کھلاڑیوں نے انکار کر دیا تھا جبکہ سابق بھارتی کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو اس تقریب میں شرکت کرنے کے لیے تشریف لائے تھے۔


سدھو کی وزیر اعظم عمران خان کی تقریب حلف برداری میں شرکت پر بھارت میں شدید ردعمل سامنے آیا ہے اور کئی بھارتی شہروں میں ان کے خلاف مظاہرے کیے گئے ہیں۔

تازہ ترین