• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیر اعظم عمران خان کا وزارت خارجہ کا دورہ


وزیر اعظم عمران خان نے اسلام آباد میں وزارت خارجہ کے دفاتر کا دورہ کیا ہے، اس موقع پر وہاں موجود وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور دیگر نے وزیر اعظم کا استقبال کیا۔

ذرائع کے مطابق دفتر خارجہ میں وزیر اعظم عمران کی زیرصدارت اجلاس ہوا جس میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے علاوہ سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ اور دیگرحکام موجود تھے۔

اجلاس میں سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے وزیر اعظم کو بریفنگ دی، انہوں نے وزارت خارجہ کی تشکیل، اسٹرکچر اور ورکنگ کے بارے میں بتایا۔


سیکریٹری خارجہ نے خارجہ پالیسی، علاقائی و عالمی مسائل پر پاکستان کے مؤقف سمیت ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعلقات پر بریفنگ دی۔

ذرائع کے مطابق دفتر خارجہ میں ہونے والے اجلاس میں وزیراعظم عمران خان کو سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے مقبوضہ کشمیر کی صورت حال اور پاک بھارت تعلقات پر بھی بریفنگ دی۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ وزیراعظم کو افغانستان، ایران، امریکا اور چین سے تعلقات پر اعتماد میں لیا گیا اور عالمی عدالت انصاف میں چلنے والے کلبھوشن کیس پر بھی بریفنگ دی گئی۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ وزیراعظم نے وزارت خارجہ کو خارجہ پالیسی پر اپنے وژن سے آگاہ کیا اور گائیڈ لائن دی، بعد میں وزیراعظم کی ہدایات اور وژن کی روشنی میں مؤثرخارجہ پالیسی تشکیل دی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے دورے کے بعد آج شام وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی اہم پریس کانفرنس کریں گے۔

تازہ ترین