• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مشترکہ صدارتی امیدوار پر اپوزیشن کی کل جماعتی کانفرنس

حزب اختلاف کی جماعتوں کے اتحاد 'پاکستان الائنس کی کل جماعتی کانفرنس مری میں جاری ہے جس کے دوران صدر پاکستان کے انتخاب کے حوالے سے حکمت عملی کا جائزہ لیاجائے گا اور حزب اختلاف کی جانب سے مشترکہ صدارتی امیدوار لانے پر گفتگوہوگی۔

مسلم لیگ نون کے صدر شہباز شریف کی صدارت میں ہونے والی کل جماعتی کانفرنس میں پاکستان پیپلز پارٹی ، متحدہ مجلس عمل ، عوامی نیشنل پارٹی ، پختون خوا میپ، نیشنل پارٹی، قومی وطن پارٹی اور پاک سرزمین پارٹی کے مرکزی رہنما شریک ہوئے۔

اجلاس کے دوران مسلم لیگ نون صدارتی انتخابات کے لیے پیپلز پارٹی کے نامزد امیدوار اعتزاز احسن کی جگہ متفقہ امیدوار لانے پر زور دے گی جبکہ احسن اقبال کہتے ہی مشترکہ صدارتی امیدوار لانے پر زور دیا جائے گا۔

اے پی سی میں مسلم لیگ ن کی جانب سے شہبازشریف،خواجہ آصف،ایازصادق ،احسن اقبال،مریم اورنگزیب،طارق فضل شریک ہیں۔

پیپلز پارٹی کے فد میں یوسف رضا گیلانی، خورشید شاہ، نوید قمر، قمر زمان کائرہ، شیری رحمان ، راجہ پرویز اشرف و دیگر شامل ہیں۔

مجلس عمل کی جانب سے مولانا فضل الرحمٰن، اکرم درانی، عبدالغفورحیدری بھی اےپی سی میں موجود ہیں۔

اجلاس میں صدارتی انتخابات کی حکمت عملی طے کرنے کے ساتھ اس بات پر بھی مشاورت کی جائے گی کہ سینیٹ میں اپوزیشن جماعتوں کی اکثریت کے باعث متفقہ چیئرمین سینیٹ اور اپوزیشن لیڈر لانے کے لیے کب کارروائی شروع کی جائے۔

ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف پارلیمنٹ اور اس کے باہر احتجاج کی حکمت عملی پر بھی غور ہوگا۔

ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ اجلاس میں نون لیگ نواز شریف کو انصاف دو کے عنوان سے احتجاجی تحریک کے لیے الائنس میں شامل دیگر جماعتوں سے تعاون طلب کرے گی، نون لیگ کی پیپلز پارٹی کے ساتھ چلنے کے حوالے سے حکمت عملی بھی زیر غور آنے کا امکان ہے۔

نون لیگ اتحاد میں شامل جماعتوں کی قیادت کو راولپنڈی میں مستقل قریب میں ہونے والے احتجاجی جلسے سمیت دیگر احتجاجی جلسوں میں شرکت کی دعوت بھی دے گی۔

واضح رہے کہ ملک میں صدر کا انتخاب 4ستمبر کو ہورہا ہے جس کے لیے اس دن پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس طلب کیا گیا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کی طرف سے عارف علوی جب کہ پیپلزپارٹی کی جانب سے اعتزاز احسن صدراتی انتخابات کے لیے امیدوار نامزد کیے گئے ہیں،جبکہ نون لیگ ان دونوں کی نامزدگی کو مسترد کرچکی ہے۔

مسلم لیگ ن کا صدارتی انتخاب کے لیے عبدالقادر بلوچ کو سامنے لانے کا ارادہ ہے۔

کل جماعتی کانفرنس میں کیا طے کیا گیا اس حوالے سے اجلاس کے فوری بعد مشترکہ پریس کانفرنس میں بتایا جائے گا۔

تازہ ترین