• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قسمت بھی کیا چیز ہے ، کوئی سالہا سال محنت کرتا ہے اور پھر بھی گمنام رہتا ہے اورکوئی قسمت کا ایسا دھنی ہوتاہے کہ راتوںرات شہرت کی بلندیوں پرپہنچ جاتاہے۔ کچھ ایسا ہی معاملہ میوزک انڈسٹری میں بھی ہے جہاں کم عمری یعنی ٹین ایج میں گلوکاری کی دنیا میں قدم رکھتے ہی نوجوان گلوکار لاکھوں دلوں کی دھڑک بن گئے، آئیے ان میں سے چند ایک کا ذکر کرتے ہیں۔

جسٹن بیبر

گریمی ایوارڈ یافتہ اور دنیا کی مشہور ترین شخصیات کی فہرست میں شامل جسٹن بیبر کو پاکستان میں ’جسٹن بیبیوں‘نے مشہور کرنے کا کارنامہ انجام دیا۔ جسٹن بیبیاں تو پتہ نہیں اب کہاں غائب ہوگئیں تاہم جسٹن بیبرابھی بھی پاپ موسیقی کی دنیا میں مصروف و مشغو ل ہے۔ تازہ خبر یہ ہےکہ کینیڈا کے پاپ اسٹار جسٹس بیبر نے امریکی ماڈل ہیلی بالڈ وین سے منگنی کر لی ہے۔

بچپن میں ہی گلوکاری کی دنیا میں دھوم مچا دینے والا جسٹن بیبر یکم مارچ 1994ء کو کینیڈا میں پیدا ہوا اور اس کی پرورش اس کی ماں نے کی۔جسٹن کو بچپن سے ہی گانا گانے کا بہت شوق تھااور اس بات کا علم اس کی والدہ کو کافی جلدی ہوگیا تھا، اسی لیے جسٹن کی دوسری سالگرہ کے موقع پراس کی والدہ نےاسے ایک ڈرم کٹ بطور تحفہ دی، جسے وہ ہر وقت بجا تا رہتا تھا۔ جسٹن گھرمیں بھی اکثر گنگناتا رہتا تھا، اسی وجہ سے اس کی والدہ نے مائیکل جیکسن اور اسٹیو ونڈر کے گانوں کو ننھے بیبرکی آواز میں ویڈیو کلپ بنا کر یو ٹیو ب پر ڈالنا شروع کر دیا اور دیکھتے ہی دیکھتے لوگوں میں یہ ویڈیوزکافی مقبول ہونا شروع ہوگئیں۔

کچھ ہی عرصے بعدایک میوزک ڈائریکٹر ’اسکوٹر برون‘نے یوٹیوب پر کچھ ویڈیوز کو سرچ کرنا شروع کیا۔ ان کو اپنی نئی میوزک ویڈیو کے لیے ایک نیا سنگر چاہیے تھا تبھی ان کی نظر جسٹن کی ویڈیوز پر گئی اور اسکوٹر برون کو جسٹن کی ویڈیوز اتنی پسند آئیں کہ انہوں نے جسٹن کو لانچ کرنے کا سوچ لیا اور پھر جسٹن کا میوزیشن یوشیر کے ساتھ2008ء میںپہلا میوزک البم ’’مائی ورلڈ ‘‘ آیا، جس کو سن کر لوگ جسٹن کے دیوانے ہوگئے اور صرف14سال کی عمر میں جسٹن ’راک اسٹار‘ بن کر شہرت کی بلندیوں کو چھونے لگا۔

برٹنی اسپئیرز

برٹنی ا سپئیرز 2 دسمبر 1981ء کو امریکا کی ریاست مسیسیپی کے شہر مک کامب میں پیدا ہوئی۔ ا سپئیرز نے کم سنی میں شوبزنس کی دنیا میں قدم رکھا۔ ابتدائی تجربات انہیں نیویارک کے اداکاری کے ایک اسکول اور ٹیلی وژن کے کچھ اشتہاروں میں ہوئے، جس کے بعد گیارہ سال کی عمر سے انہوں نے مِکی ماؤس کلب میں اپنے فن کا مظاہرہ کرنا شروع کر دیا۔ 1999ء میں جب انہوں نے اپنے گیتوں کے پہلے البم"Baby One More Time"کے ساتھ عالمی شہرت کی دہلیز پر قدم رکھا تو اُن کی عمر صرف اٹھارہ برس تھی۔ دنیا بھر میںاس البم کی 25ملین کاپیاں فروخت ہوئیں۔اس کا نہ صرف سب سے زیادہ فروخت ہونے والی البمز میں شمار ہوا بلکہ ڈیبیوکرنے والے کسی بھی آرٹسٹ کی ’بیسٹ سلینگ البم‘ کہلائی۔

1999ء میں اس کے گیتوں کا دوسرا البم Oops"! "I Did It Again جاری ہوا جبکہ 2003ء میں "In The Zone" کے نام سے ایک اور البم ریلیز کیا گیا۔ لاس اینجلس میں ایک ٹی وی اشتہار کے لیے مشہور پاپ اسٹار برٹنی اسپئیرز نے پہلی بار اپنے تیارکردہ ملبوسات نمائش کے لیے پیش کئے، جنہیں خصوصی طور پر کینڈی برانڈ کے لیے تیار کیا گیا۔ برٹنی کے مطابق انہوں نے یہ ملبوسات اپنی پسندیدہ فلموں اور موسیقی سے متاثر ہوکر ڈیزائن کیے۔ ملبوسات کی اس کلیکشن کو برٹنی فار کینڈیز کا نام دیا گیا ہے۔ ان ملبوسات کی قیمت 14ڈالر سے78ڈالرتک رکھی گئی ۔

ایڈ شیران

اس سال کے بہترین گلوکار کا ایوارڈ برطانوی گلوکار ایڈ شیران کو دیا گیا۔ فوربس کے مطابق ایڈشیران سولو گلوکاروں میں آمدنی کے لحاظ سے پہلے نمبر پر ہے۔ ایڈ شیران کو گانےلکھنے والی مشین بھی کہا جاتاہے۔ 17فروری 1991ء کو ویسٹ یارکشائر ،انگلینڈ میں پیداہونےوالے ایڈورڈ کرسٹوفر شیران انگریزی گیت نگار، گلوکار، گٹارسٹ ، ریکارڈ پروڈیوسر ، اداکار اور ایک ریپر ہے۔ ایزائیلم ریکارڈز کے ساتھ گلوکاری کرتے ہوئے شیران نے اپنا پہلا البم ’+‘ (پلس کی علامت) کے نام سے 2011ء میں ریلیز کیا او ر اس کا گانا برطانیہ اور آسٹریلیا کے ٹاپ ٹین میں پہلے نمبر پراورامریکا میں پانچویں نمبر پر تھا۔ تب سے لے کر اب تک ایڈ شیران نے سات مرتبہ انگلینڈ میں پلاٹینیم ایوارڈ حاصل کیا ہے۔ 

شیران کا دوسرا البم ’x‘ ( ملٹی پلائی کی علامت) 2014ء میں ریلیز ہوا۔ یہ البم امریکا اور برطانیہ میں پہلے نمبر پر تھااور 2015 ء میںاسےسال کے بہترین البم کا برٹ ایوارڈ بھی ملا۔ اس البم کے گانے Thinking Out Loud نے 2016ء کا گریمی ایوارڈ بھی جیتا اوریہ البم 2015ء کا دوسرا بیسٹ سیلنگ البم رہا۔ 2017ء میں شیران کا تیسرا البم "-"(تقسیم کی علامت) ریلیز ہواجس نے دو گیتوں"Shape of You" اور "Castle on the Hill"نے دنیا بھر میں ریکارڈ قائم کیے۔ شیران کے البمز دنیا بھر میں 26 ملین سے زائد اور گیت 100ملین سے زائد فروخت ہو چکے ہیں۔

تازہ ترین