• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان اسکول بحرین میں جشنِ آزادی کی تقریبات

جشن آزادی کی تقریبات
پاکستانی اسکول کی جشن آزادی تقریب میں طلباء اساتذہ و مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین سفیر پاکستان مرادعلی وزیر کے ہمراہ

گزشتہ دنوں پاکستان اسکول بحرین میں جشن آزادی کی تقریب کا اہتمام کیا گیا، اس موقع پر قاری سمیع الرحمن چئیرمین بورڈ آف مینجمنٹ پاکستان اسکول بحرین نے شرکاء سے استقبالیہ خطاب میں کہا کہ قومی دن کسی بھی قوم کی تاریخ میں اہم سنگ میل ہوتے ہیں، ان دنوں سے قوموں کی روایات اور واقعات منسلک ہوتے ہیں، جن سے نئ نسل کی نظریاتی تربیت کی جاتی ہے۔آزادی ،کائنات کی سب سے بڑی نعمت ہے۔ تقریب کے مہمان خصوصی، قائم مقام سفیر پاکستان مراد علی وزیر تھے، جبکہ مہمانان اعزازی سابق چیئرمین پاکستان کلب اور سابق رکن بحرین چیمبرز آف کامرس ساجد شیخ اور پاکستان کلب بحرین کے موجودہ چیئرمین انجینئر ریحان احمد تھے۔تقریب کا آغاز قاری محمد آصف نے تلاوت کلام پاک سے کیا،ناظم تقریب احمد امیر پاشا نے تعارفی کلمات میں ہم نصابی سرگرمیوں اور قومی تقریبات کے انعقاد کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔

مہمان خصوصی قائم مقام سفیر پاکستان نے آزادی اور اس کی، برکات کے حوالے مفصل گفتگو کی۔ انہوں نے شرکائے تقریب کے مطالعے کے لئے تحریک آزادی کے موضوع پر چند اہم کتابوں کا تذکرہ بھی کیا۔ انہوں پاکستان اسکول میں جاری تعلیمی اور ہم نصابی عمل کو سراہتے ہوئے چئیرمین بورڈ آف مینجمنٹ قاری سمیع الرحمن ، پرنسپل عتیق الرحمن اور اساتذہ کو مبار ک باد پیش کی۔مزید برآں انہوں نے اس ضمن میں سفارت خانہ پاکستان کے بھر پور تعاون کا بھی اعادہ کیا۔ تقریب میں طلبہ و طالبات نے نئے اور پرانے ملی نغموں ہر مشتمل خوبصورت اور رنگا رنگ ٹیبلو پیش کر کے شرکائے تقریب سے داد وصول کی۔پاکستان اسکول کے آرٹسٹ طالب علم غلام مصطفی نے ملی نغمہ اور ٹیبلوز پیش کئے۔ تقریب میں جشن آزادی کا کیک بھی کاٹا گیا۔

احمد امیر پاشا ، منامہ، بحرین

تازہ ترین