• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صرف گھر نہیں بلکہ بڑے گھر ہماری خواہش ہوتے ہیں، جن میں بڑے بڑے صحن ، برآمدے اور کھلی جگہیں ہوں۔ لیکن آجکل بڑے گھروں کے بجائے چھوٹے بنگلوں، جنہیں کاٹیج بھی کہا جاتا ہے، ان کا ٹرینڈ زور پکڑ رہا ہے کیونکہ ان کو بنانا اور ان کی دیکھ بھال کرنا قدرے آسان ہوتا ہے جبکہ ان کی صفائی ستھرائی بھی مشکل نہیں ہوتی۔ گھر چھوٹا ہونے کا مطلب یہ نہیں ہے کہ گھر بہت ہی تنگ ہوں بلکہ کاٹیجزبھی شاندار اور آرام دہ ہوسکتے ہیں۔ بڑے گھروں کی نسبت کاٹیج ایک ایسے کینوس کی طرح ہوتا ہے، جسے آپ اپنی مرضی اور ذوق کے مطابق آرٹ کا نمونہ بنا سکتے ہیں۔

بڑےبنگلوں کی آرائش کرتے وقت بڑی جگہ کی ڈیزائننگ، آرائش کی منصوبہ بندی اور اس پر عملدرآمد کے لئے بہت سوچ بچار اور وقت درکار ہوتا ہے۔ جبکہ کاٹیج کو آپ بہت خوبصورت اور دلفریب بناسکتے ہیں۔ اس کی تیاری میں نت نئے ڈیزائن ، ٹیکنالوجی کا استعمال اورقدرتی سبزہ زار کا امتزاج ایک شاہکار سامنے لاتاہے،کیونکہ کاٹیج عموماً ایسی جگہ پر واقع ہوتے ہیں جہاں سبزے کی فراوانی ہوتی ہے۔ اس لیے اس کا فائدہ اُٹھائیں اور مختلف پودوں، پھولوں اور درختوں پر مشتمل باغ بنائیں اور اسکی منفرد آرائش کریں۔ اِس سے آپ کی قیام گاہ خوبصورت نظر آئے گی۔

ڈیزائن کا انتخاب

گھر کا ڈیزاِئن آپ کے ذوق کاآئینہ دار ہوتاہے۔ کچھ کاٹیجز کے ڈیزائن اتنے اچھے ہوتے ہیں کہ وہ دیکھنے والوں کو اپنی طرف متوجہ کر لیتے ہیں۔ سنگل اسٹوری یا ڈبل اسٹوری کاٹیج ہوادار اور دلکش بنایا جاسکتا ہے، جو باہر سے دیکھنے میںبہت خوب صورت لگے۔ اس کے علاوہ کاٹیج کے مختلف ڈیزائن کے لیے آپ انٹرنیٹ، اخبار اور میگزینز سے بھی مدد لے سکتےہیں۔

روشنی کا فائدہ اٹھائیں

کاٹیج میں دلکشی اور خوشنمائی لانے کے لئے صرف درست فرنیچر کا انتخاب ہی کافی نہیں ہے۔ روشنی کا بہترین انتظام بھی اتنا ہی اہم ہے۔ ماہرینِ تعمیرات کے نزد یک کاٹیج میں بڑی بڑی کھڑکیاں مثالی ثابت ہوتی ہیں۔ اس لیے کوشش کریں کے کاٹیج کی تعمیر کے وقت زیادہ سے زیادہ کھڑکیاں بنوائیں کیونکہ اس کے ذریعے جو قدرتی روشنی دستیاب ہوگی اس سے آپ کا گھر نہ صرف روشن رہے گا بلکہ یہ وسیع وکشادہ بھی محسوس ہو گا۔

فرنیچر کا انتخاب

کاٹیج کی ڈیزائننگ کرتے ہوئے صحیح فرنیچر کا انتخاب کرنے سے درست ماحول قائم ہوجاتا ہے۔ زیادہ بہتر تو یہ رہتا ہے کہ آپ ایسا فرنیچرمنتخب کریں، جو ہو تو روایتی انداز کا مگر جدید دور کی سہولتوں سے مزین ہو۔ آپ روایتی اور جدید فرنیچر کا امتزاج بھی منتخب کر سکتے ہیں۔ آپ پردوں، قالینوں ، غالیچوں اوردیگر اشیا کی مدد سے بھی آرائش میں انفرادیت اور نفاست لا سکتے ہیں۔

رنگوں کا جدید استعمال

کاٹیج کی تعمیر کے وقت آ پ ایک سے زائد رنگ کرواسکتے ہیں کیونکہ رنگوں کی ایک دوسرے سے اور ارد گرد کی جگہ سے مطابقت ہونا کاٹیج کو اور بھی زیادہ خوبصورت بناتا ہے۔ مثلاًہلکے سرمئی اور کالے رنگ کے امتزاج کو اپنایا جاسکتاہے، جو دیکھنے میں بہت دلکش لگتا ہے۔ آج کل کاٹیج بھی جدید ڈیزائن کو مدنظر رکھ کر بنائے جاتے ہیں، اس میں بھی آپ اپنی مرضی کے مطابق نہ صرف رنگوں میں ردوبدل کر سکتے ہیں بلکہ ڈیزائن میں بھی تبدیلی لا سکتےہیں۔

بچوں کیلئے لان

کاٹیج کے بیرونی حصے کی تعمیر اس طرز سے کی جائے کہ اس کے سامنے کے حصے کو شاندار لان سے آراستہ کیا جاسکے۔ لان میں بچوں کے لیے جھولوں کا انتظام ہونا چاہیے۔ اس کے علاوہ گھر کے اندرونی حصے کو بھی شاندار طریقے سے سجانا ممکن ہے،جو آپ کے ذوق پر انحصار کرتاہے۔

ہریالی لائیں 

کاٹیج جہاں موجود ہے وہاں زمین اور آب وہوا کی مطابقت سے پودے اور درخت لگائے جاسکتے ہیں۔ پودوں کو صحن میں لگانے کا یہ فائدہ ہوتا ہے کہ کاٹیج کا ماحول تروتازہ ہو جاتا ہے، جو انسان کی شخصیت پر بڑا گہرا اثر ڈالتا ہے۔ کاٹیج کے اردگرد کاقدرتی ماحول کاٹیج کو ہوادار بنانے کے ساتھ ساتھ اس کی دلکشی کو بھی چار چاند لگا دیتا ہے۔

تالاب کی ضرورت

اگر کاٹیج کے پاس کافی جگہ موجود ہے تو آپ چھوٹا سا تالاب بنا کر یہاں اپنا خوشگوار وقت گزار سکتے ہیں۔ اس لیے ضروری ہے کہ تالاب کے اردگرد کےحصے کو پُر رونق اور خوشگوار ہونا چاہیے تاکہ آپ اور آپ کے گھر والے مکمل طور پر اس جگہ سے لطف اندوز ہو سکیں۔ یہ آپ کے مہمانوں کو بھی عملی طور پر ایک خوشگوار اور پُرلطف ماحول دے سکتاہے۔

تازہ ترین