• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آپ نے کبھی ایسے گھر کا خواب دیکھا ہے ، جو دریا کنارے ہو اور آپ اپنے گھر کی کھڑکیوں سے اور باہر بنے دالان میں چھتری تلے فولڈنگ چیئر پر استراحت فرماکر گرما گرم چائے کے سِپ لیتے ہوئے دریا کے نظارے کریں؟ بہرحال ایسے گھر کی تعبیر اوما تھر مین کو مل چکی ہے۔ نیویارک میں اومانے 13کمروں پر مشتمل ریور ہائوس رومانوی ناول نگار ’باربرا ٹیلر بریڈفورڈ‘ سے خریدا تھا۔ دریا کے مشرقی حصہ کا سامنا کرتے اس گھر میں4بیڈ رومز،4باتھ رومز، لکڑی سےروشن ہونے والے 2آتشدان ، 3سرونٹ کوارٹرز ، ایک بڑا سا کچن،ایک لائبریری، ایک سٹنگ روم اور ایک ڈائننگ روم ہے۔

Kill Bill فیم اوما تھر مین نے یہ گھر نومبر 2013ء میں 10ملین ڈالر میں خریدا تھا۔ واضح رہے کہ 2010ء میں یہ گھر تقریباً19ملین ڈالر میں فروخت کیا جارہا تھا۔ اسے خرید نےکے تین سال بعد اوما اس گھر میں شفٹ ہوئی ، کیونکہ اس دوران وہ اس گھر کو اپنے مزاج کے مطابق ڈھالنے کیلئے تزئین و آرائش کرواتی رہی ۔ اوما کو یہ گھر دلوانے میں اس کے بھائی کنسنگ میپن تھر مین کا ہاتھ تھا، جو ریئل اسٹیٹ کا کام کرتاہے۔ تھرمین کے ہمسایوں میں ارب پتی ولبر روس جونیئر، ہنری کسنجر اور جرمی جیکب شامل ہیں ۔

لِونگ روم

پرتعیش اور عالی شان انٹیریئر کو دیکھ کر آپ کی آنکھیں کھلی کی کھلی رہ جائیں گی۔ خوبصورت اور آرام دہ انٹیریئر کے ساتھ،لونگ روم کو روشن رنگوں اور پرسکون ماحول میں سجایا گیا ہے۔ بڑی تعداد میں برقی روشنی اور دیواروں پر آرٹ کے شاہکاروں کے ساتھ یہ کمرہ فرینچ اسٹائل کی عمدہ جھلک پیش کرتاہے۔چمنی اور دیوار دونوں کو اس کے پیچھے ایک اضافی رنگ دینے سے لونگ روم میں بہت اچھا توازن ملتا ہے، خاص طور پرچمنی کے ساتھ، ایک شاندار گہرائی کا اثر پیدا ہوتا ہے۔ یہاں بچھا ہوا سادہ اور ہلکے پرنٹ کا قالین، جو دیواروں کے رنگ سے میل کھاتا ہے، سردیوں کے موسم میں مہمانوں کو خوش آمدید کہتاہے ۔

ڈائننگ روم

سرخ رنگ کے پروو ںاورسرخ رنگ کی دیواروں کے ساتھ شاندا رقسم کی میز اورکرسیاںروایتی جمالیات کو اجاگر کرتی ہیں۔ قالین بھی شاہانہ ہیں جبکہ دیواروں پر ٹنگی پینٹنگز اوما تھر مین کے اعلیٰ ذوق کی داد دیتی ہیں۔ سادہ لکڑی سے بنی کھانے کی میز اور کرسیاں اس کمرے کو دیہی طرز کا کھانے کا کمرہ بنانے میں کامیاب نظر آتی ہیں۔ گول لکڑی کی میز کے ساتھ چھ لکڑی کی کرسیاں پائیداری کی بہترین مثال پیش کرتی ہیں۔ کھانے کی میز کے اوپر لٹکتی جدید سنہری روشنیوں کے تو کیا ہی کہنے! کرسٹل اور شیشے کے آرائشی ٹکڑے اس حصے کی جان ہیں۔

کچن

کچن میں لگی ٹائلیں، ہینڈل فری کیبنٹس، لکڑی اور سفید رنگ کا امتزاج بہت ہی شاندار اور آرام دہ محسوس ہوتا ہے۔ کچن کا سائز زیادہ نہیں ہے، اس میں کیبنٹس کی وجہ سے پھیلائو کم ہے۔ خوشنما پودوں کی وجہ سے کچن میں ایک عجیب سی تازگی کا احساس ہوتا ہے۔ چھت پر لگی روشنیاں اتنی شاندار ہیںکہ یہ کچن میں ایک آرام دہ احساس جگاتی ہیں۔

خواب گاہ

دیواروں پر ایک ٹکڑے پر مشتمل روایتی مثلثی ڈیزائن کمرے میں خوبصورتی پیدا کرتے ہیں۔ کھڑکیاں کمرے کو قدرتی طورپر روشن کرتی ہیںاور خوابگاہ کو جگمگاتی ہیں۔ کمرے میں سرمئی رنگ حسین لگنے کے باوجود ایک اداسی کا احساس چھوڑ تاہے لیکن اس کے اثر کو متوازن کرنے کے لیے اوما نے پیلے جیسے شوخ رنگ کا استعمال کیا ہے ۔ زرد بستر سے سجی خواب گاہ صبح اٹھتے ہی مزاج خوشگوار کر دیتی ہے۔ پرنٹڈ وال پیپر سے سجی اس خواب گاہ کی مرکزی دیوار اسے باقی گھر کی طرح پروقار بناتی ہے۔

باتھ روم

خواب گاہ سے جڑا یہ باتھ روم سیاہ دیواروں اور سفید سامان کے ساتھ ڈرامائی نظر آتا ہے۔ اوما نے سمجھ داری سے کام لیتے ہوئے واش بیسن کے نیچے لکڑی کی درازیں بنائی ہیں تا کہ وہ سامان جو ہر روز استعمال میں نہیں آتا، وہاں رکھا جا سکے۔ پورے گھر کی طرح باتھ روم میں بھی عقبی روشنیوں کا استعمال کیا گیا ہے، جوواش بیسن کے اوپر لگی ہیں۔ 

تازہ ترین