• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جاڑے کی آمد ٹھنڈ کی نوید سناتی ہے، ایسے میں گھر کے ان حصوں کوہر گز نظر انداز نہ کیجیے، جو موسم کی تبدیلی کے ساتھ ساتھ گھر کی خوبصورتی میں بھی بے پناہ اضافہ کرسکتے ہیں۔ جی ہاں ! ہم بات کررہے ہیں آپ کے گھر کے’ آنگن‘ کی، جسے ہم سردیوں کا آغاز ہوتے ہی بھول جاتے ہیں کیونکہ ٹھٹھرتی شاموں میں بھلا کس میں ہمت ہے کہ کھلے آسمان تلے بیٹھے۔ اگرچہ یہ درست ہے کہ سردیوں میں آنگن کا استعمال کم ہوجاتا ہے لیکن اس کی خوبصورتی میں کوئی کمی نہ رہنے دیں کیونکہ دن بھر آنگن میں سنہری دھوپ اورسرد شاموںکی پراسراریت گھر کی خوبصورتی میںاضافہ کردیتی ہے۔ اس لیے آج بات کرتے ہیں کچھ ان طریقوں کی، جن کے ذریعے آپ کا آنگن سردیوں کے خوبصورت استقبال کے لیے تیار ہوسکے گا۔

آنگن کو کھلا نہ چھوڑیں

آسمانوں سے گرتی ہوئی سرد شامیں جب زمین پر گرتی ہیںتو بستیاں شنگرفی شعاعوں سے سرخ ہو کرخنک شاموں میں ڈوب جاتی ہیں اور رات کا پہلا پہر شروع ہوتا ہے۔ موسم کی سختی سے بچے رہنے کے لیے ضروری ہے کہ آنگن کے لیے ایک مضبوط چھت کا انتظام کیا جائے۔ یہ چھت لکڑی کی بنی ہو تو زیادہ بہترہےکیونکہ گرمی ہو یا سردی، لکڑی کے بنے گھر اور عمارتیں اندرونی درجہ حرارت کوکنٹرول میں رکھتے ہیں۔ اس کے علاوہ لکڑی آپ کو زندگی میں قدرتی احساس کو محسوس کرنے کا بہترین ذریعہ بھی ثابت ہوسکتی ہے۔

قدرتی حسن

قدرتی حسن کی بات آئے تو پہلا تصور پھول پودوں کا ہی آتا ہے۔ موسم سرما کو قدرتی حسن کا موسم بھی کہا جائے تو غلط نہ ہوگا کیونکہ اس موسم کے آغاز سے ہی پھولوں کا موسم شروع ہو جاتا ہے، جو مئی تک اپنی بہار دکھاتا ہے۔ آنگن کی خوبصورتی بڑھانے کے لیے چاروں اطراف پھول پودے اُگائے جاسکتے ہیں۔ سردیوں کے پھولوں اور پودوں کی بات کی جائے تو گیندے،گل اشرفی،گل چیں اور گل داؤدی ایسے خوبصورت پودے ہیں، جو گملوں میں بھی بآسانی اُگائے جاتے ہیں۔

کُشن کورز

دیگر موسموں کے مقابلے میں موسمِ سرما کا اپنا ایک الگ ہی رنگ ہے۔ اس موسم میں ماحول ذرا مختلف ہو جاتا ہے۔ اگر آپ نے گھر کے آنگن میں صوفے رکھے ہوئے ہیں تو موسم سرما میں ان کے لیے رنگین کُشن کورز منتخب کیجیے۔ یہ کشن کورز جتنے رنگین ہوں گے آپ کے آنگن کی خوبصورتی اور دلکشی میں اتنا ہی اضافہ ہوگا ۔

کلر فل فرنیچر

موسم سرما میں اگر آپ اپنے آنگن کے لیے فرنیچر تبدیل کرنے سے متعلق سوچ رہے ہیں توپھر کلر فل فرنیچر کا انتخاب کیجیے۔ لیکن اس بات کا خاص خیال رکھیں کہ آنگن کے لیے تعداد میں زیادہ اور بڑے فرنیچر کا انتخاب درست نہیں رہتا۔ گھر کے اس حصے میں بڑی میز اور بہت ساری کرسیاں رکھنا اچھا انتخاب نہیں ہے کیونکہ اس سے جگہ تنگ ہوتی ہے، جو بالکل بھی خوشگوار نہیں لگتا۔ فرنیچر کم ہو لیکن کچھ منفرد اسٹائل کا ہو تاکہ یہاں وقت گزارنا آپ کے لیے لطف کا باعث بنے۔

خوبصورت آتش دان

سردیوں کی پراسرار شاموں میں اگر آپ چاہتے ہیں کہ گھر کے مکین ایک ساتھ ایک ہی جگہ جمع ہوں تو آنگن ایک بہترین انتخاب ہوسکتا ہے۔ اس جگہ کو سردی سے محفوظ رکھنے اور گرم بنانے کے لیے ضروری ہے کہ یہاں آتش دان بنوایا جائے۔ یہ لازمی نہیں کہ آنگن میں آتش دان بنوانے پر ہزاروں روپے خرچ کیے جائیں اور لکڑی یا پھر پتھروں کے ذریعے مہنگے آتش دان کی تعمیر کروائی جائے۔ خوبصورت اور اسٹائلش مٹی سے تیار کیے گئے آتش دان مارکیٹ میں دستیاب ہیں، جنھیں سٹنگ ایریا کے درمیان رکھ کر ماحول کو گرمایا جاسکتا ہے۔ آپ آگ سے نہ صرف اپنے ہاتھوں کی سیکائی کرسکتے ہیں بلکہ یہ ایک خوبصورت ماحول بھی ترتیب دے گا۔ اگر آپ آتش دان کے حق میں نہیں تو متبادل کے طور پر ہیٹر رکھا جاسکتا ہے۔

لٹکتی ہوئی موم بتیاں

آنگن کی خوبصورتی بڑھانے کے لیے لٹکتے ہوئے موم بتیوں والے جار بطور روشنی استعمال کیے جاسکتے ہیں۔ اس کی روشنی رات کی تاریکی میں جہاں آنگن کا حسن بڑھاتی ہے، وہیں ماحول گرم کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہے ۔ صرف یہی نہیں، اچھی اور خوبصورت روشنیوں کا انتظام سردی کی ٹھٹھرتی شاموں کے لیے بے حد ضروری ہے۔ خاص طور پر اس وقت جب آپ گھر سے باہر وقت گزارنا زیادہ پسند کرتے ہیں۔ اس لیے روشنی کے انتظام کے بارے میں سنجیدگی سے سوچنا چاہیے۔

تازہ ترین