• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بحریہ ٹائون کے رہائشیوں کو ڈیجیٹل موبائل فنانشل سروسز کی فراہمی کا معاہدہ

اسلام آباد (نمائندہ جنگ)بحریہ ٹائون اور موبی لنک میں بحریہ ٹائون کے ممبران کو موبی کیش کی سہولت کی فراہمی کا معاہدہ طے پایاہے ،جس کی رو سے موبی لنک ڈیجیٹل موبائل فنانشیل سروسز بحریہ ٹائون کے رہائشیوں کو مہیا ہونگی ، اس حوالے سےبحریہ ٹائون کے چیئرمین ملک ریاض حسین کی رہائش گاہ پر منگل کو معاہدے پر دستخطوں کے حوالے سے تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں چیئرمین بحریہ ٹائون ملک ریاض حسین اور موبی لنک کے پریذیڈنٹ و سی ای او جیفری ہیڈبرگ بھی موجود تھے ،معاہدے پر بحریہ ٹائون کی طرف سے قائم مقام سی ای او بحریہ ٹائون محمد الیاس جبکہ موبی لنک کی طرف سے بزنس ڈویلپمنٹ ڈائریکٹر علی کامران نے دستخط کئے، اس موقع پر بحریہ ٹائون کے چیئرمین ملک ریاض حسین نے کہا کہ آج ہم نے پاکستان کی ترقی کی طرف ایک اور قدم بڑھایا ہے ، وہ چیز متعارف کروائی جا رہی ہے جو ترقی یافتہ ممالک میں ہے ، انہوں نے کہا کہ کہا جاتا ہے کہ ہم دنیا سے سو سال پیچھے ہیں اگر ہمار ے ادارے ملک کیلئے کام کریں تو ہم یہ فاصلہ دو تین سال میں طے کر سکتے ہیں جس سے ملک بھی جلد ترقی کر سکے گا ، انہوں نے کہا کہ ہم نے نئی چیز متعارف کرائی ہے، ملک کی ترقی اور بحریہ کی ترقی کیلئے مل کر کام کرینگے، اس موقع پر انہوں نے میڈیا کے سوالوں کے جواب میں کہا کہ دن کو بڑی رکاوٹیں آتیں ہیں مگر رات کو دور ہو جاتی ہیں اور مشکلات بڑے لوگ ہی پیدا کرتے ہیں ، ملک ریاض حسین نے کہا کہ بہت جلد ایک پراجیکٹ شروع کر رہے ہیں جس کے تحت کراچی اور لاہور کے ہسپتالوں اور بڑی تعداد میں تعلیمی اداروں کو ٹیک اوور کرینگے جہاں مفت تعلیم اور علاج کی سہولتیں فراہم کی جائیں گی ، ہسپتالوں کو بحریہ ٹائون کے ہسپتالوں کی طرز کی سہولتیں فراہم کی جائیں گی، اس موقع پر موبی لنک کے پریذیڈنٹ اور سی ای او جیفری ہیڈ برگ نے کہا کہ اس معاہدہ سے موبائل فنانشیل سروسز بحریہ ٹائون کے رہا ئشیو ں کو فراہم ہونگی ، جس کے تحت وہ دیگر سہولتوں کے ساتھ ساتھ اپنے یوٹیلیٹی بلز اور ایجوکیشن فیس بھی ادا کر سکیں گے، یہ بحریہ ٹائون کے رہائشیوں کیلئے بہت بڑی کامیابی ہے اس سے کسٹمرز کیلئے آسانی پیدا ہو گی ، ایک سوال کے جواب میں موبی لنک کے عہدیدار نے بتایا بھارت ، چین اور ملائشیا انٹرنیٹ پر چلے گئے ہیں ، تین ماہ کے اندر سمارٹ ہومز کی سروسز پر کام شروع کر دیں گے ۔ دریں اثناء بحریہ ٹائون کے جاری کردہ بیان کے مطابق بحریہ ٹاؤن کے چیئرمین ملک ریاض حسین نے کہا ہے کہ بحریہ ٹاوٗن بہت جلد ــــ’’پاکستان فنڈ ‘‘کے نام سے ایک بڑا منصوبہ شروع کریگا جس کے تحت لاہور اور کراچی میں مختلف ااسکولوںاواسکولوںکا انتظام سنبھالیں گے یہاں دو لاکھ بچوں کو مفت معیاری تعلیم اور مستحق افراد کو علاج معالجے کی اعلیٰ سہولتیں فراہمی کی جائیں گی۔ منگل کو اپنی رہائشگاہ پر موبی لنک کے اشتراک سے بحریہ ٹائون کے مکینوں کو ڈیجیٹل موبائل فنانشل سروسز پلیٹ فارم مہیا کرنے کے معاہدے کے دستخط کی تقریب کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ملک ریاض حسین نے کہا کہ ہم موبی لنک کے ڈیجیٹل فنانشل سروسز پلیٹ فارم کو ان باؤنڈ اور آؤٹ باؤنڈ ٹرانزیکشنز کے لیے استعمال کریں گے۔ خواہ اسکول ہوں، اسپتال ہوں یا مینٹی نینس سروسز ،اگلے مرحلہ میں ہم اس پلیٹ فارم کو تمام سروس پروائیڈرز کے درمیان فنانشل ٹرانسفرز کے لیے استعمال کریں گے۔ یہ معاہدہ تمام سروسز کے لیے ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کے ذریعے اسمارٹ سٹی کی تیاری ہے۔ ہم نے جس وجہ سے موبی لنک کا انتخاب کیا وہ اس بات کا یقین ہے کہ موبی لنک کا ڈیجیٹل پلیٹ فارم اس قدر مضبوط ہے کہ ہمارے تمام شہروں کے انفراسٹرکچرزکے درمیان رابطہ کا ذریعہ بن سکے کیوں کہ ہم اسمارٹ سٹی کو وقت پرمکمل کرنا چاہتے ہیں۔ ملک ریاض حسین نے کہا کہ ہماری طرف سے یہ اقدام پاکستان کو ترقی یافتہ ملکوں کے برابر لیجانے کیلئے ایک بڑا قدم ہے ہم بحریہ ٹائون میں وہ سہولیات متعارف کرا رہے ہیں جو ترقی یافتہ ممالک کے شہریوں کو دستیاب ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اگر تمام ادارے ملک کیلئے کام کریں تو پاکستان ترقی وحوشخالی کی راہ پر تیزی سے گامزن ہو گا ۔ایک سوال کے جواب میں میری مشکلات کا میڈیا کو پتہ ہے مجھے مشکلات سارا دن آتی رہتی ہیں لیکن اللہ کے فضل و کرم سے رات کو دور ہو جاتی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ہم نے پہلے بھی مستحق افراد کو علاج معالج کی بہترین سہولتیں فراہم کی ہیں اور کر رہے ہیں اور بیرون ملک بھی علاج کیلئے لوگوں کو بھجوایا جاتا ہے۔
تازہ ترین