• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

 ڈاکٹر صابر سکندری، حیدرآباد

دُنیا بَھر میں ہر سال پارکنسنز ڈیزیز ایسوسی ایشن کے زیرِ اہتمام 11 اپریل کو ’’ورلڈ پارکنسنز ڈے‘‘ منایا جاتا ہے۔ دراصل1817ء میں ڈاکٹر جیمس پارکنسنز (Dr.James Parkinson) نے اپنا ایک تحقیقی مقالہ پیش کیا، جس میں اس مرض کا تعلق دماغ سے ثابت کیا، جب کہ اس سے قبل پارکنسنز کو عضلات کا عارضہ تصوّر کیا جاتا تھا، چوں کہ جیمس پارکنسنز کی تاریخِ پیدایش11اپریل ہے، تو عالمی یوم کے لیے اس تاریخ کا انتخاب اُنہیں خراجِ عقیدت پیش کرنے کی غرض سے کیا گیا۔ رواں برس اس یوم کے لیے جس تھیم کا اجراء کیا گیا ہے، وہ یونائٹ فار پارکنسنز (Unite For Parkinsons) ہے۔ یعنی پارکنسنز کے لیے متحد ہوں۔ عرفِ عام میں اس مرض کو رعشہ بھی کہا جاتا ہے۔ یہ ہمارے دماغ میں پائے جانے والے ڈوپامائن (Dopamine) کیمیکل کی کمی کی وجہ سے لاحق ہوتا ہے، جو بتدریج بڑھتا چلا جاتا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ مرض لاحق ہونے کی وجہ موروثی بھی ہوسکتی ہے اور ماحولیاتی اثرات بھی اس کا سبب بن سکتے ہیں، جب کہ بعض کیسز میں مخصوص جراثیم کُش ادویہ کا اسپرے کرنے والے افراد اس سے متاثر ہوتے ہیں، تو ماضی میں سَرپر کسی چوٹ کا لگنا بھی مرض لاحق ہونے کی وجہ بن سکتا ہے۔ پارکنسنز کا عارضہ زیادہ تر60سال سے زائد عُمر کے افراد کو متاثر کرتا ہے، لیکن50سال سے کم عُمر بھی اس کی لپیٹ میں آسکتے ہیں، جس کی مثال ہالی ووڈ اداکار، مائیکل جے فاکس کی ہے، جو 32برس کی عُمر میں اس مرض کا شکار ہوگیا تھا۔ جب کہ عالمی باکسر محمّد علی کلے میں بھی اس مرض کی شروعات42 سال کی عُمر سے ہوئی۔

مرض کی اہم علامات میں جسم کے عضلات میں تھرتھراہٹ یا رعشہ، حرکات کی کمی (Bradykinesia)، جسمانی اعضاء میں سختی، اکڑن (Rigidity) اور چال ڈھال کا غیر متوازن ہوجانا شامل ہیں۔ عمومی طور پر مرض کی ابتداء جسم کے کسی بھی عضو، خصوصاً ہاتھ کے لرزنے سے ہوتی ہے، مگر کام کے دوران اور گہری نیند میں ازخود ختم بھی ہو جاتی ہے۔ پھر جوں جوں مرض بڑھتا ہے، ہاتھوں، پیروں کے عضلات مسلسل لرزتے رہتے ہیں، خاص طور پر شہادت کی انگلی اور انگوٹھا تو آپس میں رگڑ کھاتے رہتے ہیں، جسے طبّی اصطلاح میں "Pin rolling movement" کہا جاتا ہے۔ عضلات کے مسلسل لرزنے کے سبب مریض کے روزمرّہ معمولات متاثر ہو جاتے ہیں۔ اُسے لکھنے پڑھنے، سینے پرونے، نہانے، لباس تبدیل کرنے، کھانے پینے میں دشواری پیش آتی ہے۔ اس کے برعکس سائیکل، موٹربائیک پر آسانی سے سوار ہوسکتے ہیں، سیڑھیاں پھلانگ سکتے ہیں، مگر پیدل چلنے میں توازن برقرار رکھنا مشکل ہو جاتا ہے۔ ہاتھوں پیروں کے عضلات میں سختی اور تنائو دراصل پٹّھوں اور گوشت کے مسلسل کھنچائو کے باعث پیدا ہوتا ہے۔ بعض اوقات تو یوں لگتا ہے، گویا عضلات گوشت پوست کی بجائے دھات کے بنے ہوں۔ یہ علامت طبّی اصطلاح میں "Lead pipe Rigidty" کہلاتی ہے۔ پھر عضلات اور پٹّھوں کی اکڑن کے سبب جوڑوں میں بھی درد شروع ہو جاتا ہے۔ ابتداء میں یہ عضلات اور پٹّھوں کی سختی گردن اور دونوں کندھوں تک محدود رہتی ہے، بعدازاں چہرے کے عضلات بھی سخت اور ساکت ہوجاتے ہیں جب کہ شدّت بڑھ جانے کی صورت میں پورے جسم کے عضلات متاثر ہوتے ہیں اور مریض تقریباً چلنے پھرنے سے محتاج ہو جاتا ہے۔

پارکنسنز سے متاثرہ مریض توازن برقرار نہ رکھنے کے سبب اکثر گر کر فریکچر کا شکار بھی ہوتے رہتے ہیں۔ گلے کےعضلات میں سختی کے باعث کھانا کھانے میں سخت دقت پیش آتی ہے، جب کہ آنکھوں کے پپوٹے بھی ساکت ہو جاتے ہیں۔ کسی بھی خوشی، غمی کی خبر کا چہرے پر کوئی تاثر نہیں اُبھرتا۔ نیز، یہ مریض کئی جسمانی اور ذہنی عوارض میں بھی مبتلا ہوجاتے ہیں۔ مثلاً تھکاوٹ، درد، معدے اور مثانے کے مسائل، جِلد کا خشک ہو جانا، چکر آنا، رال ٹپکنا، موڈ کی خرابی، خیالات کی بے ترتیبی، ڈیپریشن، اینزائٹی اور ڈیمینیشیا وغیرہ۔ ایک محتاط اندازے کے مطابق عام افراد کی نسبت پارکنسنز کے شکار مریضوں میں ڈیمینیشیا کا خطرہ دو سے چھے گنا زائد پایا جاتا ہے، جب کہ78فی صد مریضوں میں ڈیمینیشیا شدّت اختیار کر لیتا ہے۔ علاوہ ازیں، مریض کی قوّتِ فیصلہ ختم ہوجاتی ہے۔ ذہنی دبائو بڑھ جاتا ہے، گھبراہٹ کے دورے پڑتے ہیں، بعض اوقات اہلِ خانہ اور دوست احباب سے بھی لاتعلقی اختیار کرلیتا ہے۔ تنہا وقت گزارنا معمول بن جاتا ہے، بسا اوقات دِل خودکشی کی جانب مائل ہوجاتا ہے۔50فی صد مریضوں میں وسوسے، واہمے اور خام خیالیاں جنم لے لیتی ہے۔ گفتگو سپاٹ اور جذبات سے عاری ہو جاتی ہے۔ ایسے مریض راتوں کو جاگتے اور دِن بَھر اونگھتے رہتے ہیں۔ کھڑے ہونے پر بلڈ پریشر لو ہو جاتا ہے اور کثرت سے پسینہ آنے لگتا ہے۔ جسم میں سنسناہٹ محسوس ہوتی ہے اور لگتا ہے کہ جیسے جسم میں سوئیاں چبھ رہی ہوں۔ قبض کی شکایت رہتی ہے، جب کہ سونگھنے اور دیکھنے کی حِس کم زور ہو جاتی ہے۔

مریض کی علامات، اہلِ خانہ سے مریض کے معمولات جاننے، فیملی ہسٹری لینے اور طبّی معائنے کے ذریعے مرض کی تشخیص ممکن ہے، جب کہ بعض اوقات سی ٹی اسکین اور ایم آر آئی بھی معاون ثابت ہوتے ہیں۔ لیکن ان مریضوں کے سی ٹی اسکین کی رپورٹ اکثر نارمل ہی ہوتی ہے۔ تشخیص کے ضمن میں مریض ہی نہیں، اہلِ خانہ پر بھی یہ ذمّے داری عاید ہوتی ہے کہ معالج کو بیماری سے متعلق مکمل اور درست معلومات فراہم کی جائیں۔ تجربات سے ظاہر ہوتا ہے کہ جوانی میں کی گئی ورزش، بڑھاپے میں ہونے والے اس عارضے کے خطرات کس حد تک کم کر دیتی ہے، جب کہ وٹامن سی، ای اور کیلشیم چینل بلاکرز (Calcium Channel Blockers) ادویہ کا استعمال مرض سے محفوظ رکھنے میں مؤثر ثابت ہوتا ہے، لیکن ان کا استعمال معالج کے مشورے کے بغیر ہرگز نہ کیا جائے۔جہاں تک علاج کا تعلق ہے، تو بدقسمتی سے تاحال کوئی ایسا علاج دریافت نہیں ہوسکا، جو مرض کا مکمل طور پر خاتمہ کرسکے۔ تاہم، مخصوص ادویہ، مختلف تھراپیز (مثلاً اسپیچ تھراپی، آکوپیشنل تھراپی وغیرہ) اور سرجری کے ذریعے مرض کو مزید بڑھنے سے روکا جا سکتا ہے۔ علاوہ ازیں، برس ہا برس سے علاج کے ضمن میں ایک مخصوص دوا بھی مستعمل ہے۔ مرض کی حتمی تشخیص کے بعد اس دوا کے استعمال میں تاخیر نہیں کرنی چاہیے۔ اگرچہ اس کی دریافت کے بعد سرجری کا رجحان نسبتاً کم ہوگیا ہے، لیکن جب مرض شدّت اختیار کر لے اور ادویہ بھی بے اثر ہو جائیں، تو پھر واحد طریقۂ علاج سرجری ہی رہ جاتا ہے۔

(مضمون نگار جنرل فزیشن ہیں اور حیدرآباد میں پریکٹس کرتے ہیں)

تازہ ترین