• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

موسمِ گرما میں آم کے پیڑوں پر جب بور، کیریوں کی شکل میں ڈھلنے لگے، تو عموماًگلی محلّے میں سبزی فروش’’کیریاں لے لو، کیریاں لے لو‘‘کی آوازیں لگاتے سُنائی دیتے ہیں، جنہیں سُن کر تقریباً ہر دوسرے گھر کا دروازہ کھلتا ہے۔ کیوں کہ کیری کا استعمال چاہے شربت، چٹنی یا جیلی کسی بھی صُورت کیا جائے، صحت کے لیے مفید ہی ہے۔تو لیجیے، اس بار ہم آپ کے دسترخوان کے لیے کیریوں سے تیار کردہ کچھ لوازمات کی تراکیب کے ساتھ حاضر ہیں۔

کیری کا شربت

اجزاء: کیریاں چار عدد،پانی چار پیالی،کالانمک آدھا چائے کا چمچ،چینی حسبِ ذائقہ،پودینا (باریک پیس لیں)چند پتے اورسیاہ مرچ(پسی ہوئی )حسبِ منشاء۔

ترکیب: سب سے پہلےکیریاں چھیل کراُبال لیں۔ جب کیریاں گل جائیں، تو چولھے سے اُتار کر ٹھنڈا ہونے دیں۔اب اسی پانی میں کیریوں کا گُودا بنائیں اور گٹھلیاں نکال دیں۔ پھر بلینڈر میں ڈال کر پیس لیں۔اب انھیں ایک پتیلی میں ڈالیں اور ساتھ ہی پودینا اور چینی بھی شامل کرکے ہلکی آنچ پر پکنے دیں، جب آمیزہ یک جان ہوجائے، تو چولھے سے اُتارکر ٹھنڈا ہونے پر کالا نمک چھڑک دیں۔پھر کسی بوتل میں بَھر کر فریج میں رکھ لیں۔علاوہ ازیں،کیری کو بھاپ میں نرم کر کے بھی شربت بنایا جاتا ہے، جس کے لیے کیریوں کو دھو کر توے پر رکھ کر کسی برتن سے ڈھک دیں۔ تھوڑی تھوڑی دیر بعد پلٹتے رہیں، یہاں تک کہ اچھی طرح نرم ہوجائیں۔ اب ٹھنڈا کر کے چھلکا اُتارلیں اور گُودا، گٹھلیاں الگ الگ کرلیں۔ پھر اس میں تمام اجزاء شامل کر کے بلینڈ کرلیں اور کسی بوتل میں بَھر کر فریج میں رکھ دیں۔جب دِل چاہے، ایک گلاس پانی میں تھورا سا شربت ڈال کر نوش کریں یا مہمانوں کو پیش کریں۔

کیری کی حیدرآبادی چٹنی

اجزاء: کیریاں (چھلکا اُتار کر باریک کاٹ لیں)دوعدد، ہری مرچیں آٹھ عدد، لہسن کے جوےچھے عدد،ناریل چار انچ کا ٹکڑا، سفید زیرہ (ثابت) ایک چائے کا چمچ، سفید تِل ایک کھانے کا چمچ،نمک حسبِ ضرورت اور پودینے کے چند پتے۔

ترکیب: پہلے ناریل باریک کاٹ لیں۔اس کے بعد ناریل، سفید زیرہ اور تِل توے پر بھون کر پیس لیں۔ پھر کیری، ہری مرچیں، پودینا اور لہسن بھی پیس کراس میںباقی اجزاءمکس کرلیں۔ لیجیے،مزے دار کیری کی چٹنی تیار ہے۔

کیری کی جیلی

اجزاء: کیریاں ایک کلو،چینی آدھا کلو،تیل آدھی پیالی،کیوڑا حسبِ ضرورت ،کیری کے چھلکے (باریک کٹے ہوئے )حسبِ منشاء اور کیری کا گُودا دو چائے کے چمچ۔

ترکیب: کیری کا چھلکا اُتار کر ان کا جوس نکال لیں۔ اب ایک دیگچی میں تیل گرم کریں،اس میں کیری کا جوس، گودا،چینی اور چھلکے ڈال کر اتنا پکائیں کہ آمیزہ گاڑھا ہوجائے۔ آخر میں کیوڑا شامل کر کے چولھے سے اُتار لیں اور ٹھنڈا کر کے کسی جار میں محفوظ کر لیں۔

(عشرت فاطمہ،کراچی)

تازہ ترین