• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جوں جوں عید قریب آنے لگتی ہے بازاروں میں ہر طرف گہماگہمی اور رش بڑھنے لگتا ہے۔ بیوٹی پارلرز میں بکنگ عروج پر ہوجاتی ہے کیونکہ ہر کسی کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ عید پر خوبصورت اور منفرد لگے۔ اگر کوئی خاتون کچھ نہ بھی کرے تو کم از کم وہ فیشل ضرور کرواتی ہے۔ اس ضمن میں وہ اپنی پسندیدہ سیلیبرٹیز سے انسپریشن لیتے ہوئے کوشش کرتی ہے کہ ان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے اپنی خوبصورتی میں اضافہ کرے اور عید کے موقع پر نمایاں نظر آئے۔ سیلیبرٹیز اپنی خوبصورتی نکھارنے کیلئےایکسپرٹس کا سہارا لیتی ہیں۔ مشہور شخصیات کے میک اَپ آرٹسٹ اور ڈرماٹولوجسٹ بھی مشہور ہوتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ میگھن مارکل کی فیشلسٹ (Facialist) نکولا جوس بھی فیشل ٹپس دینے کے حوالے سے خبروںمیں رہتی ہیں۔ نکولا جوس کےفیشل ٹپس جاننے سے پہلے کچھ بات میگھن مارکل کی۔ چونکہ میگھن مارکل اب کوئی عام خاتون یا اداکارہ نہیں رہیں، وہ دنیا کے معزز ترین خاندانوں میں شمار ہونے والے خاندان کا حصہ بن چکی ہیں، اس لئے ان پرشاہی روایات کو برقرار رکھنے کی ذمہ داری بھی عائد ہوتی ہے۔ شاہی روایات کے مطابق سوشل میڈیا کا آزادانہ استعمال کرنے، سیلفی لینے اور گہرے میک اَپ کرنے سمیت عام لباس پہننے کی ممانعت ہے۔ لیکن قابل ذکر بات یہ ہے کہ میگھن مارکل اپنی شادی کے روز نہایت سادگی سے تیار ہوئیں جب کہ ان کے چہرے پر میک اَپ بھی انتہائی ہلکا نظر آرہاتھا۔ اسی مناسبت سے میگھن کی سادگی کو نشانہ بناتے ہوئے کسی نے سوشل میڈیا پر لکھا ’’ہمارے یہاں دلہن کی بہن بھی اس سے زیادہ تیار ہوجاتی ہے‘‘۔

بات ہورہی تھی میگھن مارکل کی فیشلسٹ نکولا جوس کی جنھوں نے میگھن مارکل کا ویڈنگ فیشل کیا تھا۔ ان کا کہنا ہےکہ میں اپنی جمالیات کےمطابق اپنا یا کسی کا فیشل کرتی ہوں۔ میں چہرے کے ابھار اور جولائن(Jawline) پر خصوصی کام کرتی ہوں، جیسے کوئی مجسمہ تراشتا ہے۔ اسی لیے نامور اداکارائیں مجھ سے رابطہ کررہی ہیں۔ میرے فیشل کرنے کے طریقے مخصوص اور روایتی ہی ہیں تاہم فیشل سے پہلے کن چیزوں کا خیال رکھنا ہے ، ان کا جاننا ضروی ہے۔

فیشل سے پہلے کےمشورے

1۔ویکس سے جِلد کی سطح کھنچ جاتی ہے ۔ اس پر فوری مساج کیا جائے تو جِلد کو نقصان پہنچ سکتا ہے ۔ اگر آپ کو ویکس کروانی ہی ہے تو فیشل سے کم از کم چوبیس گھنٹے پہلے کرائیں۔

2۔کڑی دھوپ میں زیادہ وقت گزارنے کے بعدفوراً فیشل نہ کرائیں۔ یوں تو فیشل سے سورج کی شعاعوں کے باعث جِلد پر ہونے والی جھائیاں ٹھیک ہو جاتی ہے لیکن فوری طور پر فیشل کرانا جِلد کو نقصان بھی پہنچا سکتا ہے۔ جِلد پر سورج کی دھوپ پڑنے کے بعد اسے نارمل ہونے کے لیے کچھ وقت درکار ہوتا ہے۔ اگر ایسا نہ ہو تو فیشل میں موجود اینٹی ایکنی اور اینٹی ایجنگ اجزا جِلد پر منفی اثرات مرتب کر سکتے ہیں ۔

3۔ اس بات کا خیال رکھیں کہ بوٹوکس لینے کےبعد 48گھنٹوں تک فیشل نہ کریں۔ جب چہرے پر کوئی انجیکشن لگتا ہے تو مساج سے انجیکٹڈ سیال جِلد میں غلط طرف بھی جا سکتا ہے، جس سے جِلد کو نقصان پہنچ سکتا ہے ۔بوٹوکس ابھی پاکستان میں اتنا عام تو نہیں ہوا جتنا کہ یورپی ممالک میں اس کا استعمال عام ہے لیکن پھر بھی کئی خواتین چہرے کی جھریاں اور جھائیا ں ختم کرنے کے لیے یہ طریقہ اپناتی ہیں۔

4۔چہرے کے کیل مہاسے دور کرنے یا چہرے کو نرم و ملائم بنانے کے لیے ہم اکثر گھریلو نسخے اور ٹوٹکے اپناتے ہیں، جس سے اکثر فائدہ بھی ہوتا ہے البتہ فیشل کرانے سے پہلے چہرے پر کسی بھی قسم کاٹوٹکا نہ آزمائیں ۔ چہرے پر ان ٹوٹکوں سے مسام بھر جاتے ہیں، جس کے باعث کریم کو اندر داخل ہونے کی جگہ نہیں مل پاتی ۔

5۔ مصنوعی پلکیں اتارنے کے فوراًبعد بھی پلکوں پر گلو لگا رہ جاتا ہے۔ لہٰذا فوراً ہی فیشل کرنا درست نہیں ہوگا۔

6۔بعض کریموں میں گلائیکولک ایسڈ اور ریٹی نول جیسے اجزا موجود ہوتے ہیں، جس سے جِلد ایکسفولی ایٹ ہوجاتی ہے ۔ فیشل کے بعد ہونے والے زیادہ تر ری ایکشنز اسی وجہ سے ہوتے ہیں۔ اگر آپ کو معلوم نہیں کہ آپ کی کریم میں کون سے اجزا موجود ہیں تو احتیاط کے طور پر فیشل کروانے سے پہلے چہرے پرمحض کوئی بے بی لوشن ہی لگائیں۔

اگر آپ نے میک اَپ کیا ہوا ہو تو بھی آپ جِلد کا مساج کرسکتی ہیں، بشرطیکہ میک اَپ خراب نہ ہو۔ فیشل مِسٹس بہت زبرد ست ہوتے ہیں، ان سے ہلکے ہاتھ اور نرم و نازک طریقے سے اپنی جِلد پرجیڈ رولر کی مدد سے مساج کریں،اس طرح میک اَپ متاثر نہیں ہوتا۔ پھر گالوں کی ہڈیوں کو نمایاں کرنے کیلئے ہائی لائٹر استعمال کریں۔

تازہ ترین