• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

بھارت کی کشمیریوں کو معاشی طور پر کمزور کرنے کی سازش

راجہ افتخار

آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی نے مقبوضہ کشمیر کی تازہ سنگین صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اقوام متحدہ،یورپی یونین،او آئی سی انسانی حقوق کی تنظیموں سے فوری طور پر مداخلت کا مطالبہ کر دیا۔ حریت رہنما یاسین ملک کو تشویش ناک حالت میں بھارت کی بدنام زمانہ جیل تہاڑ میں منتقل کرنے اوردیگر حریت رہنمائوں این آئی اے کے ذریعے دہلی بلاکر حراساں کرنے کی شدید مذمت کی گئی ہے۔ آزادجموں وکشمیر اسمبلی میں مختلف قراردادوں کو یکجا کر کے متفقہ طور پر پاس کرتے ہوئے بھارت کو خبردار کیا ہے کہ وہ مقبوضہ ریاست میں نہتے کشمیریوں پر مظالم کا سلسلہ بند کرے اگر مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کو اظہار رائے، مذہبی آزادی اور نقل وحمل کی آزادی نہیں ہو گی پھر لوگ تشدد کے واقعات کی طرف بڑھ جاتے ہیں، دوسری جانب بھارت کی طرف سے دونوں اطراف کے کشمیریوں کو ایک دوسرے سے جوڑنے والی بس سروس اور انٹرا کشمیر ٹریڈ کو بند کرنے کا اعلان کر دیا بھارتی دفترخارجہ کی جانب سے کشمیریوں پر معاشی دہشتگردی کرتے ہوئے الزام لگایا کہ انٹرا کشمیر ٹریڈ کے ذریعے پاکستان دراندازی، دہشتگردی، منشیات فروشی، مجاہدین کو ہتھیار سپلائی کر رہا ہے۔ دہشت گردی کیلئے جعلی کرنسی کی سمگلنگ کا الزام بھی لگایا ہے دوسری جانب پاکستانی دفترخارجہ کی طرف سے بھارتی الزامات کا موثر جواب نہیں دیا گیا بھارت انٹرا کشمیر ٹریڈ کی بندش کو لوک سبھا کے انتخابات میں ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہا ہے۔ گزشتہ ایک ماہ سے مقبوضہ وادی میں سڑکوں شاہراوں کو بند کرکے لوگوں کو باہر نکلنے سے روکنے کو ایک اورجنگی حربہ کے طور پر استعمال کررہا ہے بھارت کشمیریوں پر اب اسطرح کے مظالم ڈھارہا ہے جو اسرائیل فلسطینیوں پر آزما رہا ہے اسرائیل کے لوگ مقبوضہ کشمیر میں مظالم کی تربیت دے رہے ہیں۔ انٹرا کشمیر ٹریڈ کی بندش سے بھارت کشمیریوں کو معاشی طور پر کمزور کر رہا ہے۔ 2010میں شرائن بورڈ کے معاملہ پر 5ماہ تک کشمیریوں کی اقتصادی ناکہ بندی کی اربوں روپوں کا پھل فروٹ مقبوضہ کشمیر میں ضائع ہوا۔ غذائی اجناس کی قلت پیدا کی گئی۔ کشمیریوں کو بھوکا مارنے کی پانچ ماہ تک کوشش کی گئی لیکن جذبہ آزادی ٹھنڈا نہیں کر سکا، انٹرا کشمیر میں دونوں جانب سے اربوں روپے کی سرماریہ کاری ہوئی بھارت قبل ازیں بھی دو مرتبہ اس ٹریڈ کو بند کرنے کی کوشش کرچکا ہے یہ ڈرامہ رچانے سے قبل جس گاڑی کو انہوں نے روکا طے شدہ منصوبہ کے مطابق بھارتی میڈیا کو پہلے سے اطلاع اور وہ وہاں موجود تھا جونہی گاڑیاں داخل ہوئیں انہوں نے منشیات برآمدگی کا ڈرامہ رچایا گزشتہ چار سالوں سے آزادکشمیر کے دو ڈرائیور بھارتی فوج کی حراست میں ہیں پاکستان دفترخارجہ کی جانب سے انٹرا کشمیر ٹریڈ کی بندش اور بھارتی دفترخارجہ کے الزامات پر مؤثر جواب دنیا چاہیے بس سروس اور انٹرا ٹریڈ نے کشمیریوں کے درمیان فاصلے کم کیے اور کشمیریوں کو ایک دوسرے کے قریب لایا۔ بس سروس اور ٹریڈ نے کشمیریوں کو ایک دوسرے کو سمجھنے کا موقع دیا ہے۔وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدرخان نے حریت رہنمائوں یاسین ملک کی بگڑتی ہوئی صحت پر تشویش کا اظہار انہوں نے این آئی اے کے ذریعے کشمیریوں پر مقدمات قائم کرنے انہیں ڈرانے دھمکانے کی شدید مذمت کی ہے۔ تہاڑ جیل میں کشمیری رہنما پر تشدد اور مذہب تبدیل کروانے کی کوشش کی شدید نتائج کی دھمکی دی ہے کہ جب لوگوں پر اسطرح کے مظالم کیے جائیں پھر ردعمل کے طور پر لوگ اپنا حق محفوظ رکھتے ہیں۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے حکومت پاکستان پر بھی زور دیا ہے کہ تحریک آزادی کے حوالے سے اپنا کردار ادا کرے۔مظفرآباد شہر کے سامنے سیاحتی مقام سری کوٹ اور دکھن کے جنگلات میں محکمہ جنگلات کی غفلت لاپرواہی کے باعث تقریباً200 کے قریب دیودار کے درختوں کو بے دردی سے کاٹ کر اونے پونے فروخت کرنے پر ابھی تک حکومت آزادکشمیر کی جانب سے کوئی بڑا قدم نہیں اٹھایا گیا 2سو دیودار کے درختوں کی مالیت کمرشل ریٹ میں تقریباً دو ارب بنتی ہے لیکن محکمہ جنگلات کے مقامی افسران اور اہلکاران نے قومی دولت کو چند ہزار روپوں میں ضائع کر دینا قابل افسوس ہے عوام کی جانب سے توقع کی جارہی ہے کہ وزیراعظم آزادکشمیر اس قومی ضیاع پر لازمی ایکشن لیں گے ملوث افسران اور اہلکاران کو سخت سزا کے علاوہ ملازمت سے فارغ کرتے ہوئے انکی پنشن تک سٹاپ کریں تاکہ کوئی قومی دولت کو ضائع کرنے کا سوچ بھی نہ سکے۔

تازہ ترین
تازہ ترین