• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تفہیم المسائل

دائمی عذر کے سبب روزہ نہ رکھنے والے پر فدیہ ہے ،کفارہ نہیں

سوال: میرا بائی پاس آپریشن ہو ا ہے ،روزے نہیں رکھ سکتا ،سن رسیدگی اور کمزوری کی وجہ سے قضا بھی نہیں رکھ سکتا ،کفارہ دینا چاہتا ہوں ۔روزوں کا کفارہ کیا ہے ؟ یہ کفارہ کس کو دے سکتا ہوں؟ (عارف شاہ ،کوئٹہ )

جواب: جو بہت عمررسیدہ ہو یا جس کو ایسا مرض لاحق ہو جس سے شفاکی امید نہیں ہے(جیسے ذیابیطس اورہائی بلڈپریشروغیرہ ) اور اس وجہ سے اسے روزہ رکھنے کی طاقت نہ ہو،اس کے لئے روزہ نہ رکھنے کی رخصت ہے ۔دائمی معذور کے لئے فدیہ ہے ،کفارہ نہیں اور اس پر ہر روزے کے بدلے ایک مسکین کے طعام کا (تقریباً دو کلو گندم یا اس کے مساوی رقم) فدیہ دینا لازم ہے،قرآن مجید میں ہے:’’اور جو لوگ روزہ کی بمشکل طاقت رکھتے ہوں، ان پر ایک مسکین کے طعام کا فدیہ لازم ہے،(سورۃ البقرہ:184)‘‘۔

علامہ علاؤالدین حصکفی لکھتے ہیں : ’’ جو شخص بہت بوڑھا اور روزے رکھنے سے عاجز ہو ،اُس کے لئے روزے نہ رکھنا جائز ہے ،اور ہر روزے کا فدیہ اُس پر واجب ہے ،اگرچہ مہینے کے ابتدا میں ہی دے دے اور روزے کے فدیہ میں فقراء کا تعدد شرط نہیں یعنی ایک فقیر کو متعدد ایام کا فدیہ دے سکتا ہے ،(ردالمحتار علیٰ الدر المختار،جلد3، ص:365،داراحیاء التراث العربی ،بیروت)‘‘۔

تازہ ترین