• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گھر کی تعمیر کسی نہ کسی طور ہو ہی جاتی ہے لیکن سب سے زیادہ مشکل مرحلہ کچن کی تعمیر ہوتی ہے، سمجھ نہیں آتا کہ کون سا انداز اختیار کریں۔ یہ سب کچھ فلور پلاننگ اور جگہ کی دستیابی پر منحصر ہوتاہے۔ اگرموجودہ کچن کی تزئینِ نو کرنی ہوتو ہم مخمصے میں پڑ جاتے ہیں کہ آخر آغا ز کہاں سےکیا جائے ۔ فی الحال تو سادہ سا مشورہ یہی کہ کچن کا جو حصہ خراب ہے تو اس کی مرمت لازمی کروالی جائے۔ اگر آپ کیبنٹ تبدیل کرکے اس میں کچھ اچھوتا انداز لانا چاہتے ہیں تو اس کیلئےمشورے حاضر ہیں۔

فلیٹ پینل

فلیٹ پینل سیدھے سادے ڈیزائن کی خصوصیات رکھتاہے۔ ایسی کیبنٹس کے ارد گرد کوئی خاص پھلکاریاں یا نقش و نگار نہیں ہوتے۔ ان کے دروازے پر آپ کسی بھی قسم کا ہینڈل لگا سکتے ہیں ۔ ان کی لکڑی اور دھاتیں بآسانی دستیاب ہوتی ہیں اور سہل طریقے سے صاف بھی ہو جاتی ہیں۔ سادہ ہونے کی وجہ سے شاید یہ آپ کو اتنی زیادہ متاثر نہ کریں مگر استعمال میں پائیدار ہوتی ہیں۔

شیکر

شیکر ڈیزائن درمیان میں مستطیل ہوتے ہیں ، نقش و نگار سے مبرا یہ کیبنٹس باذوق لوگوں کی پسند ہوتے ہیں۔ یہ روایتی اور ماڈرن دونوں اقسام کے کچن کیلئے موزوں ہیں ۔یہ مختلف قسم کے ٹائلز سے مطابقت اختیار کرسکتے ہیں۔ اگر آپ اس میں کسی قسم کی آرائش و زیبائش کرنا چاہیں گے تو آپ کو زیادہ مزہ نہیں آئے گا۔

اوپرلگے پینل

یہ سب سے عام اور مستعمل ڈیزائن ہے،یہ کچن کے دروازے کے ساتھ اور سنک کے اوپر لگائے جاسکتے ہیں۔ ان کے لیے زیادہ جگہ درکار ہوتی ہے اور ان میں اسٹوریج کی بھی کافی گنجائش ہوتی ہے۔ ماڈرن کچن میں یہ ڈیزائن اب کم ہو تا جارہاہے کیونکہ اس کے ہینڈل کم عرصہ چلتے ہیں۔

گلاس فرنٹ

گلاس فرنٹ کیبنٹ کو بہت احتیاط سے لگایا جاتاہے۔ ا س کے نیم شفاف ڈیزائن بھی آتے ہیں تاکہ اند ر رکھی اشیا نمایاں نظر نہ آسکیں۔ یہ کچن کو ایک منفرد انداز بخشتے ہیں۔ آپ اس کے اندر لگے شیشے کے مختلف ڈیزائن منتخب کرسکتے ہیں۔ اس کے پٹ پر بنے مستطیل چوکھٹے اسے عمدہ لُک دیتے ہیں۔ چھوٹے کچن کیلئے بھی کیبنٹ شیشے کے کئی بہترین ڈیزائن دستیاب ہیں اور چاہیں تو بالکل شفاف شیشے بھی لگوائے جاسکتے ہیں۔ کچن میں چولہے کی وجہ سے شیشوں پر دھواں وغیرہ جم جاتاہے، لہٰذا ان کیبنٹس کی باقاعدگی سے صفائی ضروری ہے۔ شیشے چونکہ بآسانی ٹوٹ سکتے ہیں تو ان کی صفائی میں احتیاط برتنی چاہئے۔

کھلے کیبنٹ

اگرآپ کو بنیادی طرز کے کچن پسند ہیں تو کھلے کیبنٹس آپ کیلئے بہتر رہیں گے۔ اس کیلئے آپ کو کیبنٹس کی پوری سیریز لگانی پڑتی ہے، جو Uشیپ یا گول کچن میںلگائی جاتی ہے، یہ کچن کو عمدہ اسٹائل دیتی ہے۔کھلے کچن میں اس طرح کے کیبنٹس کا فائدہ یہی ہے کہ دروازے، پٹ یا ہینڈل خراب ہونے کی فکر نہیں رہتی اور ان کے اندر رکھے آئٹمز نمایاں نظر آتے ہیں۔ اگر آپ یکساں قسم کا مٹیریل استعمال کریں تو بھی ایک عمدہ سیریز سامنے آتی ہے۔ کھلے ہونے کی وجہ سے ان کیبنٹ میں رکھنے برتنوں یا آئٹمز پر دھول مٹی جمنے کا خدشہ ہوتاہے اس لیے ان کی باقاعدہ صفائی ضروری ہوتی ہے۔ اس کے علاوہ لال بیگ سے حفاظت کیلئے اقدامات بھی کرنے پڑتے ہیں۔

بِیڈڈ اِن سیٹ

بِیڈڈ اِن سیٹ کے فریم کے ارد گرد ڈیزائن بنے ہوتے ہیں، جس سے اس کیبنٹ کے دروازے نمایاں ہو جاتے ہیں۔ دروازے اس کی مرکزی کیبنٹ کا اہم حصہ ہوتے ہیں لیکن اس کا کوئی حصہ باہر نکلا ہوا نہیں ہوتا۔ اس کے درمیان میں ایک ریزڈ ایریا ہوتاہے جو اس کے ڈیزائن کو گہرائی بخشتاہے۔ اس کی خصوصیت ہےکہ یہ کسی بھی قسم کے سائز میں استعمال ہوسکتے ہیں۔ ہینڈل کے ناب کیلئے عمدہ جوڑی منتخب کی جاسکتی ہے، جو اس کے سائز سے مطابقت رکھتی ہو۔ اس قسم کے کیبنٹ کو بہت دیکھ بھال کر لگایا جاتاہے وہ بھی اس طرح کہ ا س کے دروازے کھلنے میں کسی قسم کی رکاوٹ نہ آئے۔

ریزڈ کیبنٹ

اوپر لگے یہ کیبنٹس raisedکیبنٹ کہلاتے ہیں۔ اس میں ہر دروازے کو مستطیل یا مربع شکل ملتی ہے۔ اس سے کیبنٹ میں خوبصورتی پیدا ہوتی ہے اور یہ کئی سائز یا شیپ میں لگائے جاسکتے ہیں ۔ اس میںصر ف ایک قباحت ہےکہ دروازے کےکناروں میں دھول مٹی جم جاتی ہے۔ ان کے نیچے اتنی جگہ رکھی جاتی ہے کہ وہاں بآسانی کام کیا جاسکے جیسے کہ سنک لگالیا جائے۔

تازہ ترین