• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

 رمضان المبارک کے سلسلے میں گزشتہ دنوںپاکستان رائٹرز کلب لیڈیز چیپٹر کی جانب سے 24 واں مقابلہ حسن قرأت منعقد کیا گیا ،جس میں بچوں اور بچیوں نے قرآن پاک کی تلاوت کرکے محفل کو روح پرور بنادیا اور حاضرین کے دلوں کو خوب منور کیا۔ ریاض کے مقامی ہوٹل میں منعقد ہونے والے مقابلہ حسن قرأت میں 8 سے 14 سال کی عمر کے بچوںنے حصہ لیا جبکہ تین قاری حضرات کو بطور جج مدعو کیا گیا تھا۔ مقابلہ میں کامیاب بچوں میں اسناد اور تحائف تقسیم کیے گئے۔بچوں اور بچیوں نے فرداً فرداً تلاوت کلام پاک کی تلاوت کی اور اپنی خوبصورت آوازوں کے ذریعے ماحول کو معطر اور منور کرتے رہے جس پر ہال میں موجود حاضرین نے بھی سبحان اللہ کہہ کر بچوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی، ججز نے بچوں میں محمد عبدالرحمان کو پہلی ، زید احمد کو دوسری اور ابشام شکیل کیانی کو تیسری پوزیشن کے لئے نامزد کیا جبکہ بچیوں میں عائشہ قاضی پہلی،زینب وسیم دوسری اورحبا خالد نے تیسری پوزیشن حاصل کی ،بچوں کو اعزازی سرٹیفکیٹ اور ٹرافیاں انعام میں دی گئیں۔ اس کے علاوہ مقابلے میں شریک دیگر بچوں کو بھی سرٹیفکیٹ کے علاوہ دیگر ڈھیروں انعامات سے بھی نوازا گیا۔

ریاض میں مقابلہ حسنِ قرات
کامیاب بچوں میں اسناد اور تحائف کی تقسیم کے موقعے پر ویلفیئر اتاشی محمود لطیف اوردیگر

اس موقعے پر مہمان خصوصی سفارت خانہ پاکستان کے کیمونٹی ویلفئیر اتاشی محمود لطیف نے خطاب میں قرآن پاک کی فضیلت اور اس کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ قرآن پاک مکمل ضابطہ حیات ہے اس میں اللہ نے سمجھنے والوں کے لئے بے شمار نشانیاں رکھی ہیں آج ہم اگر مختلف مسائل کا شکار ہیں تو اس کی بڑی وجہ قرآن کریم سے دوری ہے ہمیں قرآن کے قریب ہونا ہوگا اسے محض ثواب کی نیت سے پڑھنے کی بجائے اس پر عمل پیرا ہونے کی بھی ضرورت ہے تاکہ ہماری زندگیاں آسان ہوسکیں اور ہم روزمرہ کی پریشانیوں سے چھٹکارا حاصل کر سکیں، رائٹر کلب کی کاوش کو جتنا سراہا جاے کم ہے کہ جنہوں نے بچوں میں قرآن کی تعلیمات کو اجاگر کرنے کے لئے شاندار محفل کا انعقاد کیا۔رائٹر کلب کے صدر فیاض ملک کا کہنا تھا کہ گزشتہ چوبیس سال سے بچوں کے مابین مقابلہ حسن قرآت منعقد کروایا جا رہا ہے جس کا مقصد یہی ہے کہ بچوں کو قرآن مجید فرقان حمید سے روشناس کروایا جائے تاکہ وہ قرآنی تعلیمات کے مطابق معاشرے میں بہتر کردار ادا کر سکیں، لیڈی چیپٹر کی صدر ڈاکٹر فرح نادیہ نے کہا کہ ہماری ہمیشہ یہ کوشش رہی ہے کہ سعودی عرب میں مقیم پاکستانی بچوں کو رمضان المبارک کے مہینے میں قرآن پاک کی تلاوت کے ذریعے سامنے لائیں تاکہ ان کے اندر قران مجید کی محبت کو اجاگر کیا جائے جبکہ ان کی حوصلہ افزائی بھی کی جائے تاکہ بچے آئندہ بھی اس تیاری کے ساتھ مقابلہ حسن قرآءت میں حصہ لے سکیں۔

تازہ ترین