• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وَرجن گروپ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر رچرڈ برنسن کا شمار دنیا کے کامیاب ترین انٹرپرینیورز میں ہوتا ہے۔ وہ گاہے بگاہے، نئے انٹرپرینیورز کو کاروبار میں کامیابی کے مشورے بھی دیتے رہتے ہیں۔ ان ہی میں سے کچھ ذیل میں بتائے جارہے ہیں۔

خوابوں کا پیچھا کریں

اگر آپ اپنے خوابوں کا پیچھا کریں گے اور وہی کریں گے، جس سے آپ کو تسکین اور خوشی ملتی ہے تو یقین جانیں آپ بہت اچھی زندگی گزاریں گے۔ آپ دنیا کے کامیاب ترین لوگوں کی زندگیوں پر نظر ڈالیں، آپ کو نظر آئے گا کہ وہ اپنی زندگی سے اس لیے لطف اندوز ہوتے ہیں کیونکہ وہ وہی کرتے ہیں، جو ان کا شوق ہوتا ہے اور وہ اپنے خوابوں کا پیچھا کررہے ہوتے ہیں۔ آپ انٹرپرینیور بنیں یا پھر نوکری کریں، کام وہی کریں جس میں آپ کی دلچسپی ہو، اس کے بعد آپ کو کبھی بھی کام نہیں کرنا پڑے گا۔

دوسروں کیلئے اچھا کریں

ایک سادہ سی بات ہے، اگر آپ اپنے کام کے ذریعے دوسروں کی زندگیوں میں بدلاؤ نہیں لارہے تو پھر آپ کو وہ کام نہیں کرنا چاہیے۔ کمپنیوں پر ایک ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اپنے کام کے ذریعے دنیا میں تبدیلی لائیں۔ یہ ان کی کمیونٹی، ساتھ کام کرنے والے لوگوں، صارفین اور ہر ایک کی طرف سے ان پر ایک واجب الادا قرض ہے، جسے ان کو چکانا چاہیے۔ اچھی بات یہ ہے کہ دوسروں کے لیے اچھا کرنا، آپ کے کاروبار کے لیے بھی اچھا ہوتا ہے۔ تو پھر آپ کو کس کا انتظار ہے؟

اپنے آئیڈیاز پر یقین رکھیں

اپنے وینچر کو آپ ہر وہ چیز دیں، جو آپ کے پاس ہے۔ اپنے کاروبار اور ذاتی مقاصد سے زبردست عزم کے ساتھ جُڑے رہنے کا اعادہ کریں کیونکہ ایک یہی چیز کامیابی کو ناکامی سے الگ کرتی ہے۔ جو کام آپ کررہے ہیں، اگر آپ ہی اس پر فخر محسوس نہیں کریں گے تو پھر اور کون کرے گا؟ یا کوئی دوسرا کیوں کرے گا؟ کاروبار میں صرف منافع اور ترقی کو نہ دیکھیں۔ اگر آپ اپنے کاروبار میں سب سے بہترین بننے پر اپنی توجہ مرکوز رکھیں گے تو یقین رکھیں آپ کو سب کچھ حاصل ہوگا۔

ہار نہ مانیں

رچرڈ برنسن کہتے ہیں کہ انھوں نے زندگی میں جتنے بھی کام کرنے کا بیڑہ اُٹھایا، چاہے وہ کسی کاروبار کی بنیاد رکھنا ہو، غبارے میں دنیا گھومنا ہو یا پاور بوٹ پر سمندر میں نکل جانا ہو، انھیں اس دوران کئی مشکل صورتحال کا سامنا رہا ہے، جہاں سب سے آسان فیصلہ یہ ہوسکتا تھا کہ وہ اس کام کو چھوڑ کر ایک طرف ہوجائیں۔ ’تاہم آپ حیران رہ جائیں گے کہ آپ اپنے اہداف کے ساتھ مضبوطی سے جُڑے رہ کر کیا کچھ حاصل کرسکتے ہیں۔ اگر ایک بار آپ ناکام ہوجائیں تو ہمت نہ ہاریں اور پھر سے کوشش کریں۔

کام کرنے میں لطف اُٹھائیں

لُطف اندوز ہونا، کسی بھی کامیاب کاروبار کا سب سے زیادہ اہم جزو ہوتا ہے، تاہم اسے اہمیت نہیں دی جاتی۔ اگر آپ اپنے کام اور کاروبار سے لطف اندوز نہیں ہورہے تو غالباً وقت آگیا ہے کہ آپ اسے خیرباد کہہ کر کچھ اور کریں۔ اگر آپ کی ٹیم مصروفِ عمل ہے اور اپنی ذمہ داریوں سے لُطف اندوز ہورہی ہے تو وہ آپ کے صارفین کا نیک نیتی سے خیال رکھے گی اور بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔ ایسے لوگوں کو اپنی ٹیم کا حصہ بنائیں، جو تنقید کے بجائے دوسروں میں اچھائی کو تلاش کرتے ہیں اور اپنے کام سے محبت کرتے ہیں۔

فیملی کے ساتھ وقت گزاریں

دوسروں کو کام سونپنا (Delegation) ایک ایسا ہُنر ہے، جس میں انٹرپرینیورز کو لازمی مہارت حاصل ہونی چاہیے۔ اپنے ساتھ ان لوگوں کو رکھیں، جو ایسی مہارتیں رکھتے ہوں، جن میں آپ کمزور ہیں۔ ایسے کام جن میں آپ اچھے نہیں ہیں اور وہ آپ کو کرنے پڑتے ہیں، وہاں اس شعبہ کے ماہرین لگا کر آپ اپنا وقت بچا سکتے ہیں اور اس وقت کو ادارے کے مستقبل کی منصوبہ بندی پر صَرف کرسکتے ہیں۔ اس لائحہ عمل کے تحت آپ کو اپنی فیملی کے ساتھ وقت گزارنے کا موقع بھی مل جاتا ہے، جوکہ سب سے اہم ضرورت ہے۔ اور ہاں، اپنے نئے Big Ideaپر اپنی فیملی سے رائے لینا مت بھولیں۔

نوٹس لیں اور نئے چیلنج مقرر کریں

اگر آپ اپنے اور دوسروں سے حاصل ہونے والے برجستہ آئیڈیاز کو تحریری شکل میں نہیں لائیں گے تو آنکھ جھپکتے ہی وہ منظر سے غائب ہوجائیں گے۔ اس لیے اس بات کو یقینی بنائیں کہ آپ نے اپنے اہداف پر نظر رکھی ہوئی ہے۔ فہرستیں بنائیں اور یاد رکھیں، بولیں کم اور سُنیں زیادہ۔ آپ حیران رہ جائیں گے کہ ایک سُننے والے کلچر میں رکاوٹیں کیسے عبور ہوتی ہیں۔

ٹیم کوباخبر رکھیں، شراکت قائم کریں

چیزوں کو آسان رکھیں اور سب سے بڑھ کر، اپنی ٹیم کے ساتھ مل کر کام کریں اور لطف اندوز ہوں۔ اسٹیو جابز کی ایپل اور پکسار میں کامیابی کا راز یہی تھا کہ انھوں نے وہاں Open Work Cultureکو پروان چڑھایا تھا، جہاں لوگ ایک دوسرے میں گھُل مل جاتے اور مقاصد شیئر کرسکتے تھے۔

لیپ ٹاپ اور فون بند کرکے نکل جائیں

سارا دن اسکرین کے سامنے مت بیٹھے رہا کریں۔ سب چیزوں کو بند کریں اور جیتی جاگتی دنیا میں نکل جائیں۔ اگر آپ ابھی تک اس چیز کو نظرانداز کرتے آئے ہیں تو اپنے صحن سے شروع کریں اور پھر اس دائرہ کار کو بڑھاتے جائیں۔ اس سفر میں آپ کئی مسحورکن شخصیات سے ملیں گے، کاروبار کے کئی نئے آئیڈیاز تخلیق ہونگے اور کئی نئے فائدہ مند چیلنجز آپ کے سامنے آئیں گے۔ آپ کا وقت ہرگز ضائع نہیں جائے گا۔

وہ کریں جو آپ کو پسند ہے

جب تک آپ اپنے پسندیدہ لوگوں کے درمیان رہتے ہیں اور وہ کرتے ہیں جو آپ کو پسند ہے، تو اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ آپ کہاں رہتے ہیں اور کتنا کماتے ہیں۔ اگر آپ کے سر کے اوپر چھت ہے اور اس چھت تلے ایک ساتھی ہے، جس سے آپ محبت کرتے ہیں تو اس کے بعد آپ کو کچھ زیادہ کی ضرورت نہیں پڑتی۔

تازہ ترین