• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: فائرنگ سے 2 افراد زخمی، 4 ملزمان گرفتار

کراچی کے علاقے سرجانی میں فائرنگ سے2 افراد زخمی ہوگئے، سی ٹی ڈی کے ہاتھوں ایم کیو ایم لندن کے2ٹارگٹ کلر گرفتار ہوئے ہیں، اجمیر نگری میں پولیس مقابلے میں 2 ملزمان زخمی حالت میں گرفتار کیے گئے، گلبہار حاجی مرید گوٹھ میں پولیس اور رینجرز نے مشترکہ آپریشن کیا۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق سرجانی ٹائون میں بابا موڑ کے قریب فائرنگ سے2 افراد زخمی ہوگئے۔

سی ٹی ڈی پولیس نے سہراب گوٹھ میں کارروائی کرتے ہوئے 2 ٹارگٹ کلرز عاقب گولڈن اور عامر بھیا کو گرفتار کر لیا۔

گرفتار ملزمان کا تعلق ایم کیو ایم لندن سے ہے، ملزم عاقب گولڈن زمین پر قبضے، ٹارگٹ کلنگ اور دہشت گردوں کو اسلحہ فراہم کرنے میں ملوث ہے۔

ملزم عامر بھیا ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری کی وارداتوں میں ملوث ہے، ملزم عامر بھیا تاج محمد اور محمد آصف نامی شہریوں کو قتل کرچکا ہے، ملزم عامر بھیا جلائو گھیرائو کی وارداتوں میں بھی ملوث رہا ہے۔

ادھر پولیس نے خواجہ اجمیر نگری تھانے کے علاقے شاہ نواز بھٹو کالونی میں مبینہ مقابلے میں 2 ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا ۔

گرفتار ملزمان لوٹ مار کی وارداتوں میں ملوث ہیں، ملزمان سے اسلحہ اور موٹرسائیکل ملی ہے۔

گلبہار کے علاقے حاجی مرید گوٹھ میں پولیس اور رینجرزنے مشترکہ سرچ آپریشن کیا جس کے دوران پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے کر گھر گھر تلاشی لی۔

سرچ آپریشن کے دوران مشکوک افراد کے شناختی کوائف چیک کیے گئے، سرچ آپریشن آئندہ آنے والے یوم علیؓ اور رمضان المبارک کے آخری عشرے کی سیکیورٹی کے حوالے سے کیا گیا۔

تازہ ترین