• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کلین ایٹنگ (Clean Eating)، خواتین میں مقبول ایک نیا ڈائٹ پلان ہے۔ انسٹاگرام پر خواتین کی بڑی تعدادایسی ہے جو کلین ایٹنگ ڈائٹ پلان پر ہی عمل کررہی ہے۔ یہ ڈائٹ پلان قدرتی اور مکمل غذاؤں مثلاًپھل، سبزیوں، پروٹین ،صحت مند چربی اور مکمل اناج پرمشتمل ہوتا ہے جبکہ اس ڈائٹ کے دوران صحت کے لیے نقصان دہ پروسیسڈیا ریفائنڈ فوڈ، مرغن غذاؤں، نمکین اور میٹھے کھانوں، غیر صحت مند چربی اور پروٹین سےمکمل طور پر گریز کیا جاتا ہے۔ رمضان کے بعد اس ڈائٹ پلان پر عمل کرکے آپ اپنے وزن میں کمی لاسکتی ہیں۔

کلین ایٹنگ نہ صرف ایک ڈائٹ پلان ہے بلکہ صحتمند طرزِ زندگی گزارنے کا ایک طریقہ بھی ہے، جس کی مدد سےآپ کا تمام تر نظام صاف ہوکر دماغ پر مثبت اثرات مرتب کرتا ہے۔ ماہرین کے مطابق وزن کم کرنے کی خواہشمند خواتین اگر 14دن کا Clean-Eating Meal Plan اپنالیںتو ان دو ہفتوں کے دوران وہ بآسانی 4پاؤنڈ وزن کم کرسکتی ہیں، ساتھ ہی یہ صحت مند طرزِ زندگی گزارنے میں بھی مددگار ثابت ہوگا۔

کلین ایٹنگ ڈائٹ پلان کے فوائد

٭اس ڈائٹ پلان میں زیادہ کیلوریز والی غذائیں شامل نہیں۔

٭یہ ڈائٹ پلان ڈائٹری فائبر، لین پروٹین، صحت مند چربی،وٹامن اور منرلز پر مشتمل ایک مکمل ڈائٹ پلان ہے۔

٭اس کے ذریعے آپ کا مدافعتی نظام مضبوط ہوتا ہے،نظام ہاضمہ بہتر رہتا اورقبض ختم ہوتا ہے ۔

٭بال، جِلد اور ناخنوں کی صحت بہتر رہتی ہے۔

٭وزن میں کمی بآسانی ممکن ہوتی ہے۔

٭آپ خودکو صحت مند اور تروتازہ محسوس کرتی ہیں ۔

٭ذہنی کشیدگی کا خاتمہ ہونے سے ذہنی صحت بہتر ہوجاتی ہے، جس کے سبب نیند کی کمی کے مسائل پر بھی قابو پانے میں مدد ملتی ہے۔

٭ مختلف بیماریوں سے حفاظت ممکن ہوتی ہے ۔

اگر آپ بھی کلین ایٹنگ ڈائٹ پلان پر عمل کرنا چاہتی ہیں تو ذیل میں درج حکمت عملی آپ کے لیے مددگار ومعاون ثابت ہوسکتی ہے۔

روزانہ 5پھل اور سبزیاں

اقوام متحدہ کے ادارہ برائے خوراک و زراعت کے مطابق دن میں روزانہ پانچ پھلوں اور سبزیوں کا استعمال فائدہ مند ہے۔ سبزیوں اور پھلوں کا استعمال وزن میں کمی اور صحت کے دیگر مسائل حل کرنے کیلئے ضروری سمجھا جاتا ہے۔ اسی کو مدِ نظر رکھتے ہوئے کلین ایٹنگ ڈائٹ پلان کے لیے پہلا قدم، پھل اور سبزیوں کا استعمال ہے، مثلاً دن بھر میں کوئی بھی پانچ سبزیاں اور مختلف پھل کھانا۔

ثابت اناج

ہول گرین(Whole Grain)میں چاول، دلیہ، جو اور گندم جیسی غذاؤں کو شامل کیا جاتا ہے۔ امریکن ایسوسی ایشن آف سیریل کیمسٹ انٹرنیشنل اور ایف ڈی اے کے مطابق، ثابت اناج میں غذائیت کا تناسب ریفائنڈ یا پسے ہوئے اناج کی نسبت زیادہ پایا جاتا ہے، یہی وجہ ہے کہ ریفائنڈ اناج کی نسبت سادہ اناج صحت کے لیے زیادہ مفید رہتا ہے۔ کلین ایٹنگ ڈائٹ کے دوران ریفائنڈ اناج کے بجائے عام اناج کا استعمال وزن میں کمی اور صحت پر مفید اثرات مرتب کرتا ہے۔

لین پروٹین

لین پروٹین میں مچھلی، بغیر کھال والی مرغی کے سینے کا گوشت، بنا چربی کا گوشت، مشروم، گھر یا فارم سے باہر پھرنے والی مرغیوں کے انڈے اور دالیں وغیرہ شامل ہیں۔ کلین ایٹنگ کے دوران لی جانے والی تمام غذاؤں میں کسی نہ کسی صورت پروٹین لازمی طور پر شامل ہوتا ہے۔ آپ پو دوں اور جانوردونوں کے ذریعہ پروٹین حاصل کرسکتے ہیں، جس کی اہمیت جسمانی عضلات بڑھانے کے لئے بنیادی تصور کی جاتی ہے۔

پروسیسڈ فوڈ سے اجتناب

کلین ایٹنگ ڈائٹ کے دوران پروسیسڈ فوڈمثلاًفروزن فوڈ، فوری بن جانے والے نوڈلز، پیک دودھ، چھوٹی پالک، کٹی ہوئی سبزیاں، تیار ملنے والے کھانے، بریڈ، دہی، پاستا، برگر وغیرہ سے اجتناب کرنا پڑتا ہے۔ اگرچہ دورِ حاضر میں ان غذاؤں کا استعمال ایک فیشن اور اسٹیٹس سمبل بن چکا ہے لیکن ان غذاؤں کی بنیاد قدرتی نہیں ہوتی، لہٰذا ان کا مستقل استعمال فائدہ مند بیکٹیریا کے خاتمے میں تیزی اور انفیکشن کا سبب بن جاتا ہے۔

صحت مند چربی

صحت مند چربی(Healthy Fat) مثلاًخشک میوہ جات، ایواکاڈو، السی کے بیج، خربوزے یا گرمے کے بیج اور سورج مکھی کے بیج جیسی غذائیں صحت مند چربی حاصل کرنے کا بہترین ذریعہ تسلیم کی جاتی ہیں۔ آپ اپنے کھانے خالص زیتون کے تیل، گھر میں تیار شدہ پی نٹ بٹر یا چاول کی بھوسی سے حاصل کیے گئے تیل سےبھی تیار کرکے بآسانی صحت مند چربی حاصل کرسکتی ہیں۔ صحت مند چربی جسم کی سوزش ختم کرتے ہوئے موٹاپا کم کرنے کا سبب بنتی ہے ۔

چینی کا محتاط استعمال

کلین ایٹنگ ڈائٹ کے دوران چینی کا استعمال خاصے محتاط انداز میں کیا جاتا ہے مثلاًفرض کیجیے کہ دن بھر کی غذاؤں میں 6چمچ سے زیادہ چینی صحت کے لیے نقصان دہ ثابت ہوسکتی ہے۔ لہٰذا اس ڈائٹ کے دوران ایسے مشروبات اور غذاؤں کا استعمال کیاجاتا ہے، جن میں چینی کی مقدار کم پائی جاتی ہوکیونکہ چینی کی زیادتی ذیابطیس، موٹاپے، دماغی بیماریوں اور کینسر جیسے امراض کا سبب بن سکتی ہے۔

تازہ ترین