• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’’سنبل اقبال‘‘ جاندار اداکاری اور بے مثال شخصیت پہچان بنی

شوبز انڈسٹری میں کامیابی کے لیے ضروری نہیں کہ آپ کا تعلق شوبز بیک گراؤنڈ سے ہو،کیونکہ فن کسی کی میراث نہیں اور نہ ہی کوئی تعلق یا ڈگری شو بز انڈسٹری میں کامیابی کی ضمانت بن سکتی ہے۔ پاکستان کے کئی نامور اداکار ایسے ہیں جنھوں نے اپنی محنت اور خداداد صلاحیتوں کی بدولت شوبز انڈسٹری میں بے پناہ کامیابی حاصل کی۔ سنبل اقبال، شوبزانڈسٹری کا ایک ایسا ہی ستارہ ہیں، جنہوں نے قلیل عرصے میں ہی کیریئر کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے ساتھ ساتھ اپنی جاندار اداکاری کی بدولت شوبز انڈسٹری میں نمایاں مقام حاصل کرلیا۔

سنبل اقبال کا شمار ایسے فنکاروں میں ہوتا ہے، جنہوں نے اپنے شوبز کیریئر کے دوران ہر طرح کا کردار اداکرکے خود کو منوایا۔ وہ کسی بھی مشکل کردار کو ادا کرنے سے انکار کرنے کے بجائے مسکراتے ہوئے سب کر دکھاتی ہیں اور خوب داد سمیٹتی ہیں۔

ابتدائی زندگی

سنبل اقبال30اگست 1990ء کوکراچی میں پیدا ہوئیں، انھوں نے اپنا بچپن اسی شہر میں گزارا اور گریجویشن کی ڈگری حاصل کی۔ سنبل کی دو بہنیں اور بھی ہیں، ایک بہن کومپل اقبال بھی سنبل کی ہی طرح شوبز انڈسٹری سے وابستہ ہیں۔ وہ اپنا فارغ وقت گھر والوں کے درمیان گزارنا ہی پسند کرتی ہیں۔

شوبز کیریئر

سنبل اقبال کے کیریئر سے متعلق بات کی جائے تو اداکارہ نے 19سال کی عمر میں شوبز انڈسٹری میں قدم رکھا ، جس کے بعد انھوں نے کبھی پیچھے مڑکر نہیں دیکھا۔ ہر کردار خوش اسلوبی کے ساتھ ادا کرنے کے باعث سنبل کو شوبز انڈسٹری کی ملٹی ٹیلنٹڈ اداکاراؤں میں شمار کیا جاتا ہے۔ سنبل اپنے کیریئر سے متعلق کہتی ہیں کہ انھوں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ وہ شوبز انڈسٹری میں نمایاں مقام بنا پائیں گی یا ٹیلی ویژن انڈسٹری کی جانی مانی شخصیت کہلائیں گی۔ انھیں شروع ہی سے بینکر بننے کا شوق تھا لیکن اتفاق سے شوبز کو اپنا کیریئر بنالیا۔ سنبل کہتی ہیں کہ شوبز میں کامیابی کی ایک بڑی وجہ یہ بھی ہے کہ انھوں نے اس شعبے میں آنے کے بعد ہی یہ فیصلہ کرلیا تھا کہ وہ تعداد کے بجائے معیارکو ترجیح دیں گی۔

متاثر کن شخصیت، کھڑے نقوش اور خوبصورت سراپے کی بدولت سنبل نہ صرف اداکاری بلکہ ماڈلنگ میں بھی اپنا ایک مقام رکھتی ہیں۔ ڈیزائنرز اور مختلف برانڈز کی جانب سے ان کے کئی کامیاب فوٹو شوٹ کروائے جاچکے ہیں۔ مشہور فیشن ویک میگزین ’میگ‘ کی جانب سے بھی سرورق کے لیے سنبل اقبال کا انتخاب کیا جاچکا ہے، اس کے علاوہ انھیں کئی برائڈل کوچیور ویک (Bridal Couture Week) اور فیشن ویک کا بھی حصہ بنایا جاچکا ہے۔ سنبل اقبال ماڈلنگ اور اداکاری کے ساتھ ساتھ ڈانس بھی بہت اچھا کرتی ہیں، جس کا مظاہرہ وہ اکثرو بیشتر ایوارڈ تقریبات میں کرتی رہتی ہیں۔

مقبول ڈرامہ سیریل

سنبل اقبال اب تک تقریباًتمام پروڈکشن ہاؤسز کے ساتھ کام کرچکی ہیں اور پاکستان شوبز انڈسٹری کوکئی مقبول اور کامیاب ٹی وی سیریز دے چکی ہیں۔ ان میں کہیں وہ مرکزی تو کہیں معاون کردار خوش اسلوبی سے نبھاتی دکھائی دیتی ہیں۔2011ء میں شوبز کی دنیا میں قدم رکھنے والی سنبل نے جیوٹی وی کے ڈرامے ’بُری عورت‘ سے اداکاری کی ابتدا کی۔ ان کے مقبول ڈراموں میں رخسار، تیری بے رخی، رسم اور ایک تھی رانیہ شامل ہیں۔ سنبل اقبال جیو ٹی وی کی معروف کامیڈی سیریل ’کس دن میرا ویا ہوےگا‘ میں بھی اپنی شاندار اداکاری کے جوہر دکھاچکی ہیں، اس ڈرامے میں ان کی پرفارمنس کو ناظرین کی جانب سے بے حد سراہا گیا تھا۔

پسندیدہ فنکار

ندیم بیگ اور توقیر ناصر ان کے پسندیدہ اداکاروں میں سر فہرست ہیں، یہ وہ شخصیات ہیں جن کی اداکاری آنے والے اداکاروں کے لیے ایک بہترین مثال ہے۔ خواتین شوبز اداکاراؤں میں سنبل کی پسندیدہ اداکارہ عظمیٰ گیلانی اور فلمسٹار رانی ہیں جبکہ پسندیدہ گلوکاروں میں انھیں حدیقہ کیانی بے حد پسند ہیں۔

تازہ ترین